دُبئی کی جمیرہ بیچ پر تفریح کو آیا غیر مُلکی ڈُوب گیا

پولیس کے مطابق مرنے والا شخص تین بچوں کا باپ تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 17 جون 2019 12:20

دُبئی کی جمیرہ بیچ پر تفریح کو آیا غیر مُلکی ڈُوب گیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،17 جُون 2019ء) جمیرہ بیچ پر ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں اپنی فیملی کے ساتھ تفریح کی غرض سے آیا شخص سمندر میں ڈُوب کر ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق مرنے والے شخص کا تعلق بھارت سے تھا۔ مزید تفصیلات کے مطابق جان پریتم پال نامی 40 سالہ شخص اپنے تین بچوں اور بیوی کے ساتھ ساحل پر نہانے کی غرض سے آیا تھا۔

یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب اُس نے اپنے جسم پر چمٹی ریت صاف کرنے کے لیے پانی میں ڈُبکی لگائی۔تھوڑی دیر بعد پال کا جسم اُس کے گھر والوں کو پانی کے اُوپر تیرتا نظر آیا۔پال کے گھر والوں نے اُسے پانی سے باہر نکالا تو اُس میں زندگی کے آثار بہت کم دکھائی دے رہے تھے۔ جس پر فوری طور پر ایمبولینس کو بُلایا گیا۔ پال کو ہسپتال لے جایا گیا مگر وہاں اُس کی جان نہ بچائی جا سکی۔

(جاری ہے)

پال کی بیوی نے زار و قطار روتے ہوئے بتایا کہ اُسے نہیں پتا یہ سب کیسا ہو گیا۔ حالانکہ پال بہت اچھا تیراک تھا۔میں ہمیشہ اُس کے ساتھ تفریح پر جاتی تھی۔کچھ عرصہ سے اُس کی بہن اور بہنوئی آئے ہوئے تھے، وہ اُنہیں تفریح کی خاطر یہاں لے کر آیا تھا، جس دوران یہ ناقابلِ یقین واقعہ رُونما ہوا۔ پولیس کے مطابق اُس کی موت غوطے کھانے کے دوران دِل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔ یہ واقعہ صبح کے وقت پیش آیا۔ پال گزشتہ 14 سال سے متحدہ عرب امارات میں مقیم تھا۔ پال کے دیرینہ دوست جلال نے بتایا کہ وہ ایک بہت شفیق والد تھا اور لوگوں کی مدد کرنے کے لیے ہر وقت تیار رہتا تھا۔ وہ میرے لیے دوست نہیں بلکہ ایک بھائی کی طرح تھا۔ مجھے ابھی تک یقین نہیں آ رہا کہ وہ دُنیا سے رُخصت ہو گیا ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں