متحدہ عرب امارات میں غیر مُلکیوں کو 100فیصد تک سرمایہ کاری کی منظوری مِل گئی

غیر مُلکی باشندے 122شعبوں میں مکمل خود مختاری کے ساتھ سرمایہ کاری کر سکیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 3 جولائی 2019 11:09

متحدہ عرب امارات میں غیر مُلکیوں کو 100فیصد تک سرمایہ کاری کی منظوری مِل گئی
دُبئی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 3 جُولائی 2019ء) متحدہ عرب امارات کی جانب سے غیر مُلکی سرمایہ کاروں کو بڑی خوش خبری سُنا دی گئی ہے۔ اماراتی کابینہ کی جانب سے سے گزشتہ روز غیر مُلکیوں کو 122 شعبوں میں 100 فیصد تک سرمایہ کاری کی منظوری دے دی گئی ہے۔ یہ اجلاس دُبئی کے فرمانروا اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم کی زیر صدارت ہوا۔

محمد المکتوم نے اس اجلاس کے دوران واضح کیا کہ اماراتی ریاستیں ہر شعبے میں اپنے حالات اور ضروریات کے مطابق سرمایہ کاری کے تناسب کا تعین کریں گی۔ کابینہ کے فیصلے کے بعد غیر مُلکی سرمایہ کار تجارتی کمپنیوں کے سو فیصد مالک بن سکتے ہیں۔ اس عمل سے امارات میں بزنس کے مواقع کئی گناہ بڑھ جائیں گے اور کئی مزید کئی لاکھ افراد کو روزگار میسر آئے گا۔

(جاری ہے)

صحت مندانہ مقابلے بازی کی فضا میں بہت ساری مصنوعات اور سروسز کم قیمت میں دستیاب ہوں گی۔ جس سے امارات مزید ترقی کی جانب گامزن ہو گا۔ کابینہ نے اجلاس کے دوران ہر شعبے کے لیے سرمایہ کاری کے قواعد و ضوابط اور استثنائی حالات بھی متعین کر دیئے ہیں۔ غیر مُلکی سرمایہ کار سولر انرجی پلیٹس کی تیاری اور ٹرانسفارمر کے کاروبار میں بھی حصّہ لے سکیں گے۔

گرین ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبے میں بھی شریک ہو سکیں گے۔ اُنہیں ٹرانسپورٹ، آن لائن کاروبار، درآمد و برآمد کے کاروبار، اشیاء کا ذخیرہ کرنے، لاجسٹک سروسز فراہم کرنے اور ادویہ کے کاروبار کرنے کی بھی اجازت مِل گئی ہے۔ اس کے علاہ ریسٹورنٹس، ہوٹلز، انفارمیشن کمیونیکیشن، سائنسی اور تکنیکی اور پیشہ ورسرگرمیاں، حیاتیاتی ٹیکنالوجی میں تحقیق کے لیے لیب کے قیام، دفتری خدمات، تعلیم، صحت، تفریحات اور تعمیرات کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کرنے کا اختیار حاصل ہو گیا ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں