غیر مُلکی باشندہ کروڑوں درہم کی جعلی کرنسی کے ساتھ پکڑا گیا

عرب باشندہ ساڑھے چار کروڑ درہم کی جعلی کرنسی سوا کروڑ درہم میں فروخت کرنے کی کوشش میں تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 4 جولائی 2019 15:05

غیر مُلکی باشندہ کروڑوں درہم کی جعلی کرنسی کے ساتھ پکڑا گیا
دُبئی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 4 جُولائی 2019ء) دُبئی پولیس نے ایک عرب باشندے کو کروڑوں روپے کی جعلی غیر مُلکی کرنسی کے ساتھ گرفتار کر لیا ہے ۔ پولیس کے مطابق عرب تارکِ وطن یہ کرنسی نوٹ 1 کروڑ 20 لاکھ رُوپے میں فروخت کرنا چاہتا تھا، تاہم اسے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔ استغاثہ کی جانب سے ملزم پر فراڈ اور جعلی کرنسی رکھنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کو ایک مخبر نے اطلاع دی کہ ملزم کے پاس جعلی امریکی ڈالرز اور یورو کرنسی نوٹ بھاری مقدار میں موجود ہیں۔ جس پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے ایک منصوبہ تیار کیا۔ پولیس نے مخبر کو تیار کیا کہ وہ ملزم سے جعلی نوٹ خریدنے میں دلچسپی ظاہر کر کے اُسے ابو حیل کے علاقے میں میٹنگ رکھے۔ جب ملزم جعلی نوٹ لے کر بتائی گئی جگہ پر پہنچا تو پولیس کے اہلکاروں نے اُسے گھیر لیا اور اُس کی گاڑی کی تلاشی لی تو گاڑی کی ڈِگی میں سے ایک بیگ مِلا جسے کھولنے پراُس میں سے ڈالرز اور یورو کے جعلی نوٹ برآمد کر لیے۔

(جاری ہے)

ملزم کو گرفتار کر کے حوالات منتقل کر دیا گیا۔ تاہم تفتیش کے دوران ملزم کا کہنا تھا کہ جعلی کرنسی سے بھرا بیگ اُس کا نہیں ہے، اُسے یہ بھی نہیں معلوم کہ اُس کی گاڑی میں یہ بیگ کس نے رکھا ہے۔ وہ بالکل بے قصور ہے کسی نے اُس کو پھنسانے کے لیے یہ سازش تیار کی ہے۔ فارنزک رپورٹ سے پتا چلا کہ اس بیگ میں موجود تمام نوٹ جعلی تھے جو خاص قسم کے کیمیکلز سے تیار کیے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں