دُبئی: ٹریفک حادثے کی جگہ پر رش لگانے والوں اور ریکارڈنگ کرنے والوں کو بہت بھاری جرمانہ ہو گا

ٹریفک اتھارٹیز کے مطابق زخمیوں یا مرنے والوں کی تصویریں یا ویڈیو بنانے پر ڈیڑھ لاکھ درہم تک کا جرمانہ ہو سکتا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 8 جولائی 2019 11:31

دُبئی: ٹریفک حادثے کی جگہ پر رش لگانے والوں اور ریکارڈنگ کرنے والوں کو بہت بھاری جرمانہ ہو گا
دبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8جولائی 2019ء) وزارت داخلہ کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ ٹریفک حادثے کے مقام کی تصویر لینے، ویڈیو بنانے اور پھر اُنہیں سوشل میڈیا سائٹس پر وائرل کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اُن پر ڈیڑھ لاکھ درہم کا بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔ وزارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق زخمیوں یا مرنے والوں کی تصویریں یا ویڈیو بنا کر اُسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے سے ان کے پیاروں کی دل آزاری ہوتی ہے اور اُنہیں نفسیاتی طور پر بہت زیادہ اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اس لیے ایسی حرکت کرنے والوں کو معافی نہیں دی جا سکتی۔ جائے حادثات کی تصویریں یا ویڈیوز بنانا شہریوں کی جانب سے غیر ذمہ دار رویئے کی عکاسی کرتا ہے اور یہ ایک خلافِ قانون حرکت ہونے کے ساتھ ساتھ سراسر غیر اخلاقی اور غیر اسلامی بھی ہے۔

(جاری ہے)

اگر کوئی اس حرکت کا مرتکب ہوتا ہے تو اسے قید کی سزا کا سامنا بھی کرنا پڑے گا اور جرمانہ بھی بھُگتنا ہو گا۔

جبکہ وہ لوگ جو جائے حادثہ پر گاڑیاں روک دیتے ہیں یا وہاں پر رش لگا دیتے ہیں۔ اُنہیں بھی ایک ہزار درہم جرمانے کی مد میں ادا کرنا ہوں گے۔ اس کا سب سے بڑا نقصان یہ ہوتا ہے کہ زخمیوں کی امداد کو آنے والی اکثر گاڑیاں جائے وقوعہ پر وقت پر نہیں پہنچ پاتیں اور اکثر زخمی افراد طبی امداد میں دیر ہو جانے کی وجہ سے دُنیا سے رخصت ہو جاتے ہیں۔ اس طرح سڑکوں پر گاڑیاں کھڑی کرنے والے اور رش لگانے والے افراد اُن کی موت کے ذمہ دار ٹھہرتے ہیں۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں