دُبئی: بیرون مُلک کے لیے پاکستانیوں کی بھرتی کرنے والی 12 ریکروٹمنٹ ایجنسیز پر پابندی لگا دی گئی

ان کمپنیوں کو ملازمتیں فراہم نہ کرنے، مقررہ تنخواہ نہ دینے اور جعلی ویزے جاری کرنے پر بلیک لِسٹ کیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 9 جولائی 2019 14:25

دُبئی: بیرون مُلک کے لیے پاکستانیوں کی بھرتی کرنے والی 12 ریکروٹمنٹ ایجنسیز پر پابندی لگا دی گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9جولائی 2019ء) پاکستان بیورو آف امیگریشن اینڈ اوور سیز ایمپلائمنٹ (BEOE) نے پاکستانیوں کو دیگر ممالک میں ملازمتیں فراہم کرنے والی 12 ریکروٹمنٹ فرمز پر پابندی لگا دی ہے۔ جس کے بعد اب یہ پابندی شُدہ فرمز پاکستان سے کارکنوں کو بیرونِ ملک ملازمتیں فراہم کرنے کی اہل نہیں رہیں۔یہ ایمپلائمنٹ بیورو، سمندر پار پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی کی وزارت کے ماتحت کام کرتا ہے۔

بیورو کے مطابق ان 12 ریکروٹمنٹ ایجنسیز پر لوگوں سے پیسے لے کر بدلے میں اُنہیں بیرونِ ملک مخصوص ملازمتیں فراہم نہ کرنے، مقرر کردہ تنخواہ نہ دینے، جعلی ویزوں کے اجراء اور دیگر ضوابط کی خلاف ورزیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ ان پابندی شُدہ ریکروٹمنٹ ایجنسیوں میں سے 6 کا تعلق آذر بائیجان، 3 کا تعلق عراق اور 3 کا اومان سے ہے۔

(جاری ہے)

ان کمپنیوں کے خلاف متاثرہ افراد کی جانب سے سینکڑوں شکایات درج کروائی گئی تھیں۔

تحقیقات کے بعد یہ ان کے خلاف دھوکا دہی سے متعلق یہ شکایات درست ثابت ہوئیں تو ان پر پابندی عائد کر دی گئی۔ پابندی کا شکار ہونے والی ریکروٹمنٹ کمپنیوں میں شاہ انٹرنیشنل ایف / ایس ایل ایل سی، نذر موٹرز ایل ایل سی، لڑدک ایل ایل سی، آئی سی وی ایل ایل سی، آرکویٹا ایل ایل سی، سٹیزن منور لطیفی، شرکہ عرض المحیط، شرکہ امواج البحار، شرکہ سیفی البدر، کیٹالسٹ کانٹریکٹ ٹریڈنگ کمپنی فورتھ یونین ری کنسٹرکشن ایل ایل سی اور دار الریان انٹرنیشنل ایل ایل سی کے علاوہ تین پاکستانی ریکروٹمنٹ ایجنسیاں بھی شامل ہیں جن میں سے ایجنسیاں الفتح انٹرپرائززاور فیتھ انٹرنیشنل راولپنڈی سے کام کر رہی تھیں جبکہ الواسع ُ انٹرنیشنل نے اپنا دفتر لاہور میں قائم کر رکھا تھا۔

تاہم پابندی کے بعد اب یہ اپنا کاروبار نہیں چلا سکیں گی۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں