دُبئی: 6 پاکستانیوں نے اپنے ہم وطن کے دفتر سے لاکھوں روپے لُوٹ لیے

یہ واقعہ دُبئی کے علاقے النخیل میں واقع ایک دفتر میں پیش آیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 13 جولائی 2019 13:57

دُبئی: 6 پاکستانیوں نے اپنے ہم وطن کے دفتر سے لاکھوں روپے لُوٹ لیے
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13جولائی 2019ء) دُبئی پولیس نے ڈکیتی کی واردات میں ملوث 6 پاکستانیوں کو گرفتار کر لیا ہے جنہوں نے ایک پاکستانی کے دفتر میں ہی لُوٹ مار کی اور وہاں سے پاکستانی60ہزار روپے، 15 سو امریکی ڈالر اور 52 ہزار اماراتی درہم کے علاوہ سونے کے تین لاکٹ بھی لے اُڑے تھے۔ تفصیلات کے مطابق ایک پاکستانی شخص نے پولیس کو رپورٹ درج کرائی کہ وہ اپنے بھائی کے دفتر میں موجود تھا۔

جب چند افراد نے دفتر کے دروازے پر دستک دی، جونہی اُس نے دروازہ کھولا تو وہاں 6 ہم وطن افراد کو کھڑا پایا۔ یہ لوگ اندر داخل ہو گئے اور اُس سے اُس کے بھائی کے بارے میں پُوچھا۔ جب اُس نے بتایا کہ وہ یہاں نہیں ہے تو ان لوگوں نے اُس پر حملہ کر دیا جبکہ دو تین افراد دفتر میں موجود نقدی لُوٹنے میں لگے رہے۔

(جاری ہے)

اس دفتر میں اُس کی بہن بھی موجود تھی۔

جونہی وہ باتھ رُوم سے باہر آئی تو ملزمان نے اُس پر بھی دھاوا بول دیا اور اُس کے پاس موجود سونے کے تین لاکٹ بھی چھین لیے۔ دفتر سے جانے سے قبل انہوں نے دونوں بہن بھائیوں کی ایک دفعہ پھر مار پیٹ کی اور پھر فرار ہو گئے۔ متاثرہ خاتون نے بتایا کہ اُس کا بھائی ملزموں کے پیچھے بھاگا اور اُن میں سے ایک شخص کو پکڑ بھی لیا مگر اُس شخص نے بھائی کو دانتوں سے کاٹ لیا اور وہاں سے فرارہو گیا۔

پولیس نے ملزمان کا پتا چلا کر اُُنہیں گرفتار کر لیا۔ جو شارجہ میں مقیم تھے۔ ان 6 پاکستانی ملزمان کے مطابق وہ امارات میں کافی عرصہ سے بے روزگار تھے جس کے باعث انہوں نے لُوٹ مار کا پروگرام بنایا۔ استغاثہ کی جانب سے کارروائی مکمل ہونے کے بعد ملزمان کو عدالت میں پیش کر دیا جائے گا جہاں اُن پر ڈکیتی اور مار پیٹ کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں