دُبئی: غیر قانونی جُوئے بازی پر دوپاکستانی اور اُن کا ایک انڈین ساتھی پکڑا گیا

ملزمان جوئے بازی کے نام پر لوگوں کوبڑی ہوشیاری سے ہرا کر رقم بٹورنے میں ملوث پائے گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 15 جولائی 2019 14:42

دُبئی: غیر قانونی جُوئے بازی پر دوپاکستانی اور اُن کا ایک انڈین ساتھی پکڑا گیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15جولائی 2019ء) دُبئی پولیس نے عوامی مقام پر غیر قانونی جوئے بازی اور دھوکا دہی کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے جن میں سے دو افراد کا تعلق پاکستان سے ہے جبکہ اُن کا ایک ساتھی بھارت سے تعلق رکھتا ہے۔ عدالت میں سماعت کے دوران ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ تینوں ملزمان نائف کے علاقہ میں رات نو بجے کے قریب ایک گلی میں جُوئے بازی کا کاروبار سجائے بیٹھے تھے۔

یہ تینوں افراد لوگوں سے جوا لگانے کے لیے ایک سو درہم اور پانچ سو درہم کے درمیان رقوم وصول کر رہے تھے۔ تاہم عجیب بات یہ تھی کہ لوگوں میں سے کوئی بھی شخص جیتنے میں کامیاب نہیں ہو پا رہا تھا اور سب کی رقم ضائع ہی جا رہی تھی۔ جب پولیس اہلکار نے ان لوگوں سے پُوچھ گچھ کی تو پتا چلا کہ ان میں سے ایک شخص لوگوں کو جُوئے کی بازی لگانے کے لیے بُلاتا، دُوسرا شخص کارڈ کھیلتا جب کہ تیسرا شخص فاتح قرار پاتا۔

(جاری ہے)

یہ لوگ بڑی ہوشیاری سے اپنے ہی تیسرے ساتھی کو جِتوا کر لوگوں کی داؤ پر لگائی رقم ہڑپ کر جاتے۔ کارڈ کھیلنے والے شخص نے ایک دو خاص پتے اپنے کف کے اندر چھُپا رکھے تھے۔ جو وہ موقع پر استعمال کر لوگوں کو ہرا دیتا تھا۔ پولیس اہلکار نے ان تینوں اشخاص کو گرفتار کرلیا۔ دورانِ تفتیش انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ دھوکا دہی سے کام لے رہے تھے۔ عدالت نے ملزمان کو عوامی مقام پر جوئے بازی کرنے اور لوگوں سے دھوکا دہی کرنے کے الزام میں تین ماہ قید کی سزا سُنا دی۔ ملزمان پر ایک لاکھ درہم کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں