دُبئی میں پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور کو خاتون سے شرمناک سلوک پر جیل بھیج دیا گیا

ڈرائیور نے جنسی عمل میں مزاحمت پر خاتون کا پرس اور بچوں کے تحائف چھین کر اُسے ٹیکسی سے باہر دھکا دے دیا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 16 جولائی 2019 16:33

دُبئی میں پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور کو خاتون سے شرمناک سلوک پر جیل بھیج دیا گیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16جولائی 2019ء) دُبئی میں مقیم ایک پاکستانی ڈرائیور کو خاتون مسافر سے جنسی چھیڑ چھاڑ اور اُس کا سامان لُوٹنے کے معاملے میں نو ماہ قید کی سزا سُنا دی گئی۔ 30 سالہ ملزم نے خاتون کو اُس وقت جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی جب وہ اُس کی ٹیکسی میں ایئرپورٹ جانے کے لیے سوار ہوئی جہاں سے اُس نے اپنے آبائی وطن روانہ ہونا تھا۔

خاتون کے پاس پیسوں سے بھرا ہوا بیگ، اور بچوں کے لیے خریدے ہوئے تحائف بھی تھے۔ خاتون نے عدالت کو بتایا کہ جب وہ اُس کی ٹیکسی میں بیٹھی تو تھوڑی دیر بعد ملزم نے اُس کے جسم کے مخصوص حصّوں کو چھُوا اور پھر زبردستی اُسے اپنے ساتھ چمٹا کر اُس سے جنسی عمل کی فرمائش کر ڈالی۔ خاتون نے جب اُس کی ہوس پرستی کے آگے ہتھیار نہ ڈالے تو ملزم آپے سے باہر ہو گیا اور اُسے بالوں سے پکڑ کر اپنی ٹیکسی سے باہر دھکا دے دیا۔

(جاری ہے)

جبکہ اُس کا بیگ، تین موبائل فون، تین ہزار درہم کی نقدی، کپڑے، جوتے ، مٹھائیاں اور بچوں کے لیے خریدے گئے تحائف بھی چھین کر فرار ہو گیا۔ خاتون اس واقعے سے اتنی خوفزدہ ہو گئی تھی کہ وہ اُسی وقت جبلِ علی کے پولیس اسٹیشن گئی تاہم اپنی خراب ذہنی حالت کے باعث وہ پولیس والوں کو دو روز تک کچھ نہ بتا سکی۔ ایک پولیس والے نے بتایا کہ خاتون مسلسل چیخ و پُکار کر رہی تھی۔

آخر دو روز تک اُسے پولیس اسٹیشن میں ہی ٹھہرایا گیا اور جب اُس کی حالت کچھ سنبھلی تو اُسے مختلف ڈرائیورز کی تصویریں دکھائی گئیں جن میں سے اُس نے پاکستانی ڈرائیور کو شناخت کر لیا۔ ملزم کو اُس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ابو ظہبی ایئرپورٹ سے وطن واپس فرار ہونے کے لیے جہاز پر سوار ہونے والا تھا۔ ملزم نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ اُس نے خاتون کو جبلِ علی کے علاقے میں اُتارا تھا اور اُس کا سامان بھی چُرا لیا تھا۔

ملزم کا کہنا تھا کہ اُس نے خاتون سے فرمائش کی تھی کہ وہ اُس کے ساتھ مقامی ہوٹل کے ایک کمرے میں چلی جائے، جہاں وہ اُس کے ساتھ جنسی عمل انجام دے سکے۔ اس فرمائش پر خاتون نے چیخ و پُکار شروع کر دی تھی۔ جس سے خوفزدہ ہو کر اُس نے خاتون کو اپنی ٹیکسی سے دھکا دے کر باہر نکال دیا تھا۔ عدالت نے پاکستانی ڈرائیور کو اُس کی شرمناک حرکت، دست درازی اور چوری کے جُرم میں 9ماہ کے لیے جیل بھیج دیا اور اُسے سزا مکمل ہونے کے بعد ڈی پورٹ کیے جانے کا حکم بھی سُنایا ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں