بھارتی ملازم نے مالک کی جیولری شاپ سے ہزاروں درہم کا سونا چوری کر لیا

ملزم نے موقع پا کر 18 ہزار درہم مالیت کے دو ہار چُرا لیے تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 3 اگست 2019 18:14

بھارتی ملازم نے مالک کی جیولری شاپ سے ہزاروں درہم کا سونا چوری کر لیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3اگست 2019ء ) پولیس نے ایک بھارتی ملازم کو چوری کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ اس مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ کی جانب سے بھارتی ملازم پر الزام عائد کیا گیا کہ اُس نے ایک جیولری شاپ سے جہاں پر وہ ملازمت کرتا تھا، سونے کے دو قیمتی ہار چُرا لیے تھے جن کی کُل مالیت اٹھارہ ہزار درہم بنتی تھی۔ 27 سالہ بھارتی سیلز مین نے یہ واردات 22 جُون 2019ء کو انجام دی۔

جیولری شاپ کے مینجر نے عدالت کو بتایا کہ وقوعے کی شام کو اُسے اچانک احساس ہوا کہ شو کیس میں سے سونے کے دو ہار غائب تھے۔ بڑی تلاش کے بعد سونے کے یہ دوہار نہ مِلے۔ آخرکار جب سیکیورٹی کیمروں کی مدد لی گئی تو پتا چلا کہ بھارتی ملازم نے وہ دو ہار اُٹھا کر اپنی جیب میں ڈال لیے تھے۔

(جاری ہے)

ہم نے ملازم سے پوچھا تو پہلے اس نے صاف انکار کر دیا۔ مگر جب اُس سے سختی سے بات کی گئی اور سیکیورٹی کیمرے کی ویڈیو دکھائی گئی تو اُس کے پاس اپنے جُرم کو تسلیم کرنے کے سوا کوئی چارہ نہ رہ گیا۔

ملازم سے ہار کے بارے میں پوچھا گیا تو اُس نے کہا کہ چوری کرنے کے بعد پکڑے جانے کے خوف سے اُس نے دونوں قیمتی ہار سمندر میں پھینک دیئے تھے۔ عملے کی جانب سے فوری طورپر پولیس بُلائی گئی جنہوں نے اُسے نائف کے پولیس اسٹیشن لے جا کر اُس کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کی تفتیش کے بعد ملزم نے بتا دیا کہ دونوں ہار اُس کی رہائش گاہ پر موجود ہیں۔ جنہیں پولیس نے موقع پر پہنچ کر اپنی تحویل میں لے لیا اور پھر جیولری شاپ کے مینجر کے حوالے کر دیا۔ اس مقدمے کی سماعت اگلی تاریخ تک ملتوی کر دی گئی ہے جس میں ملزم کو قید کی سزا سُنائے جانے کا قوی امکان ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں