تعطیلات منانے کے لیے بیرونِ ملک جانے والے لوگ ہوشیار ہو جائیں

پبلک پراسیکیوشن کے مطابق دُبئی میں مقیم چور گینگ ایسے گھروں کی تاک میں رہتے ہیں جن کے مکین لمبے عرصے کے لیے امارات سے باہر جاتے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 7 اگست 2019 17:17

تعطیلات منانے کے لیے بیرونِ ملک جانے والے لوگ ہوشیار ہو جائیں
دُبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7اگست9 201ء) دُبئی کے پبلک پراسیکیوشن کی جانب سے عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ گرمیوں کی تعطیلات کے دوران چوروں سے ہوشیار رہیں۔ یہ چور گروہ ایسے گھروں کو نشانہ بنا رہے ہیں جن کے مکین تعطیلات کے موقع پر متحدہ عرب امارات سے باہر جاتے ہیں اور جب واپس آتے ہیں تو ان کے گھر میں موجود تمام قیمتی سامان لُٹ چکا ہوتا ہے ۔

پبلک پراسیکیوشن کے مطابق ان ڈکیت گینگز کا سب سے آسان نشانہ وہ لوگ بنتے ہیں جولمبے عرصے کے لیے تعطیلات منانے کے لیے جاتے وقت گھر کے تمام دروازے ذمہ داری سے بند کر کے نہیں جاتے، جس کے باعث چوروں کا آسان شکار بن جاتے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ ابو معاذ کے ساتھ پیش آیا جو دُبئی کے ایک شاندار گھر میں اپنی بیوی اور تین بچوں کے ساتھ رہائش پذیر ہے۔

(جاری ہے)

کچھ ہفتے قبل اُس نے اپنے گھر والوں کے ساتھ بیرونِ ملک سیر پر جانے کا پروگرام بنایا۔ بدقسمتی سے وہ اپنے گھر کا بیرونی دروازہ بند کرنا بھول گیا۔ چند روز بعد وہاں سے چوروں کے ایک گروہ کا گزر ہوا، جنہوں نے گھر کا دروازہ کھُلا دیکھا تو انہیں شک ہوا کہ شاید اندر کوئی نہیں ہے۔ کیونکہ گھر کے اندر سے کوئی آواز بھی نہیں آ رہی تھی۔ چوروں کا یہ گروہ ایسے گھروں کی خاص طور پر تاک میں رہتا تھا جن کے مکین انہیں چھوڑ کر کہیں تعطیلات منانے گئے ہوں۔

چوروں نے بڑے اطمینان سے عالیشان گھر کے کھُلے ہوئے مین گیٹ سے اندر داخل ہو کر وہاں موجود قیمتی گھڑیاں، طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا جس کی کُل مالیت پانچ لاکھ درہم بنتی تھی۔ گھر کی اندرونی عمارت کے دروازے کھولنے کے لیے انہوں نے مختلف آلات کا بھی استعمال کیا۔ یہ چور عمارت کے پچھلے دروازے سے اندر داخل ہوئے۔ تاکہ باہر سے گزرنے والے ہمسایوں کو ان پر شک نہ ہو سکے۔

جب ابو معاذ تعطیلات منا کر واپس آیا تو اس پر اس وقت بجلی گر گئی جب اُس نے دیکھا کہ گھر میں موجود قیمتی سامان لُوٹا جا چکا ہے۔ ابو معاذ نے پولیس میں رپورٹ درج کرائی تو بالآخر اس واردات میں ملوث تین افراد پر مشتمل چور گینگ کو گرفتار کر لیا گیا۔ اور ان کے قبضے سے چوری کیا گیا سامان بھی برآمد ہو گیا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں