متحدہ عرب امارات میں مقیم تمام لوگ ہوشیار ہو جائیں

عید الاضحی کے موقع پر آتش بازی کرنے والے کو 10 ہزار درہم کا جرمانہ بھرنا ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 10 اگست 2019 13:23

متحدہ عرب امارات میں مقیم تمام لوگ ہوشیار ہو جائیں
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10اگست2019ء) متحدہ عرب امارات سمیت دیگر خلیجی ممالک میں کل عید الاضحی منائی جائے گی۔ گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی اماراتی حکام کی جانب سے مملکت میں مقیم عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ عید کے موقع پر جشن کی غرض سے آتش بازی اور پٹاخوں سے گریز کریں کیونکہ ایسی سرگرمی کے باعث کوئی خطرناک واقعہ پیش آسکتا ہے۔

دُبئی پولیس کی جانب سے والدین کو بھی تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں پر خاص نظر رکھیں اور انہیں آتش بازی جیسا خطرناک کام نہ کرنے دیں، کیونکہ اس کے خطرناک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ پولیس سیکیورٹی اینڈ پورٹس افیئرز کے فائر آرمز اینڈ ایکسپلوزِو سیکشن کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر سالم حمود البلوشی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ آتش بازی اور پٹاخوں کے باعث نہ صرف بچوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں بلکہ آس پاس کے لوگوں اور ان کی قیمتی املاک کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ماضی میں بھی آتش بازی کے باعث کئی افسوسناک واقعات پیش آ چکے ہیں، جن کے باعث کئی افراد کی جانیں گئیں، کچھ لوگ اپنے ہاتھ یا پیر سے محروم ہو گئے اور کئی ایسے بھی تھے جن کی آنکھوں کی بینائی ہمیشہ ہمیشہ کے لیے چلی گئی۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ عید الاضحی کا تہوار محفوظ طریقے سے منائیں تاکہ اُن کی اور دوسرے لوگوں کی زندگیوں کو کسی خطرے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اور انتہائی خوشی و مسرت سے بھرپور اس تہوار کے موقعے پر کوئی ناخوشگوار صورتِ حال پیدا نہ ہو۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں