دبئی کے برج خلیفہ پر پاکستانی پرچم غلط انداز میں آویزاں کرنے کا تنازعہ کھڑا ہوگیا

متحدہ عرب امارات کی حکومت نے گزشتہ روز پاکستان کے یوم آزادی کے سلسلے میں دنیا کی بلند ترین عمارت کو پاکستانی پرچم کے رنگ میں رنگ دیا تھا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 17 اگست 2019 23:10

دبئی کے برج خلیفہ پر پاکستانی پرچم غلط انداز میں آویزاں کرنے کا تنازعہ کھڑا ہوگیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 17اگست2019ء) دبئی کے برج خلیفہ پر پاکستانی پرچم غلط انداز میں آویزاں کرنے کا تنازعہ کھڑا ہوگیا، متحدہ عرب امارات کی حکومت نے گزشتہ روز پاکستان کے یوم آزادی کے سلسلے میں دنیا کی بلند ترین عمارت کو پاکستانی پرچم کے رنگ میں رنگ دیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دبئی میں واقع دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر پاکستانی پرچم آویزاں کرکے اماراتی حکومت نے پاکستانی قوم کو جشن آزادی کو خصوصی تحفہ دیا تھا۔

تاہم یہ معاملہ بھی تنازعہ کا شکار ہو گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے اعتراض کیا ہے کہ برج خلیفہ پر پاکستانی پرچم غلط انداز میں آویزاں کیا گیا۔ پاکستان پرچم پر موجود چاند ستارے کا رخ آسمان کی جانب ہونا چاہیئے، تاہم گزشتہ روز جب برج خلیفہ پر پاکستانی پرچم آویزاں کیا گیا تو چاند ستارے کا رخ زمین کی جانب تھا۔

(جاری ہے)

اس اعتراض پر کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ اعتراض تو درست ہے، لیکن یہ بات زیادہ اہمیت نہیں رکھتی۔

زیادہ اہم بات یہ ہے کہ اماراتی حکومت پاکستان کا یوم آزادی یاد رکھا اور اس موقع پر برج خلیفہ پر پاکستانی پرچم آویزاں کرکے پاکستان کے دوست ہونے کا حق ادا کیا گیا۔ واضح رہے کہ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری نے ایک بار پھر بھارت کی عالمی سطح پر تذلیل کروا دی تھی اور گزشتہ روز اماراتی حکومت نے دبئی میں واقع دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر پاکستانی پرچم آویزاں کر دیا تھا۔



جمعہ کی رات 8 بج کر 45 منٹ پر سبز ہلالی پرچم بُرج خلیفہ پر نمودار ہوا۔ رواں سال یہ دوسرا موقع ہے کہ برج خلیفہ پر پاکستانی پرچم آویزاں کیا گیا۔ اس سے قبل رواں سال 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر بھی اماراتی حکومت نے پاکستانی پرچم دنیا کی بلند ترین عمارت پر آویزاں کیا تھا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں