اپارٹمنٹ میں بند کیے جانے پر ملازمہ نے بلڈنگ سے چھلانگ لگا دی، موقع پر جاں بحق

واقعے کے ذمہ دار مصری خاتون اور شامی بزنس مین کو گرفتار کر لیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 12 ستمبر 2019 14:12

اپارٹمنٹ میں بند کیے جانے پر ملازمہ نے بلڈنگ سے چھلانگ لگا دی، موقع پر جاں بحق
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،12ستمبر 2019ء) دُبئی کے علاقے المرقبت میں ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک غیر مُلکی ملازمہ نے اپارٹمنٹ میں بند کیے جانے پر بلڈنگ سے چھلانگ ماردی، ملازمہ کی اُونچائی سے گرنے کے باعث موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق ملازمہ کی موت سر کی چوٹ اور اندرونی چوٹوں کے باعث ہوئی۔

پولیس نے اس واقعے کے ذمہ دار 64 سالہ شامی بزنس مین اور40 سالہ مصری خاتون کو گرفتار کر لیا۔ شامی بزنس مین نے بتایا کہ یہ اپارٹمنٹ دفتر کے طور پر بھی استعمال ہوتا تھا۔ مرنے والی ملازمہ پہلے ان کے پاس کام کرتی تھی، مگر بعد میں وہ کسی اور کے ہاں نوکری کرنے لگی۔ انہیں نہیں پتا تھا کہ ملازمہ کب ان کے فلیٹ میں داخل ہوئی اور وہ کیسے فلیٹ کے اندر بند ہو گئی۔

(جاری ہے)

وہ اس بارے میں بالکل لاعلم ہیں۔ شامی ملز م کا مزید کہنا تھا کہ وہ وقوعے کے روز اپنے اپارٹمنٹ میں موجود نہیں تھا۔ اس نے کہا کہ اُسے 10 بجے صبح دفتر کے ملازم نے اطلاع دی کہ ملازمہ نے خود کشی کر لی ہے۔ جبکہ مصری ملازمہ نے بھی اس واقعے میں ملوث ہونے سے انکار کیا۔ تاہم استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا کہ کمپنی کے ایک ملازم نے بتایا تھا کہ مصری خاتون نے مرنے والی ملازمہ کو کمرے میں بند کر کے باہر سے دروازہ لاک کر دیا تھا۔ ملازمہ نے شاید پریشان ہو کر اپارٹمنٹ کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی۔ اس مقدمے کی اگلی سماعت 2 اکتوبر 2019ء کو ہو گی۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں