دُبئی میں مقیم پاکستانی ڈلیوری مین کو 12 سالہ بچی سے غلط حرکات پرسزا ہو گئی

ملزم نے لفٹ میں بچی کو اکیلا پا کر اس سے شرمناک حرکات کی تھیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 18 ستمبر 2019 13:00

دُبئی میں مقیم پاکستانی ڈلیوری مین کو 12 سالہ بچی سے غلط حرکات پرسزا ہو گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،18ستمبر 2019ء ) دُبئی میں ڈلیوری مین کی نوکری کرنے والے ایک پاکستانی کو 12 سالہ بچی سے شرمناک حرکات کے الزام میں جیل بھیج دیا گیا ہے۔ عدالت کی جانب سے 35 سالہ ملزم کو 6 ماہ قید کی سزا سُنائی گئی ہے۔ یہ واقعہ الرفا کے علاقے کی ایک رہائشی بلڈنگ میں پیش آیا جہاں پر بھارتی بچی ٹیوشن پڑھنے کے لیے جاتی تھی۔ بچی کی ٹیوٹر نے بتایا کہ وقوعہ کے روز بچی ٹیوشن پڑھنے آئی تو کچھ ضروری نوٹس اپنے اپارٹمنٹ میں بھی بھُول گئی، جو کہ قریب ہی واقع ایک رہائشی بلڈنگ میں واقع ہے۔

تھوڑی دیر بعد جب وہ واپس آئی تو اس کا چہرہ خوف سے پیلا پڑا ہوا تھا اور اس سے بات بھی نہیں ہو رہی تھی۔ بچی سے میں نے پوچھا کہ کیا ہوا ہے تو اس نے بتایا کہ ایک شخص نے لفٹ میں اُسے اکیلا دیکھ کر اس کے جسم کے مخصوص حصے کو چھوا اوراسے زبردستی گلے بھی لگایا۔

(جاری ہے)

میں اپنی سٹوڈنٹ بچی کی بات سُن کر اسی وقت اپارٹمنٹ سے باہر آ گئی۔ اور نچلے فلور پر جا کر دیکھا تو وہاں پر ایک ڈلیوری مین موجود تھا۔

بچی نے اسے دیکھتے ہی زور سے چیخ مار کر کہا کہ یہی وہ بندہ ہے جس نے اس کے ساتھ غلط حرکات کی ہیں۔ جس پر اس ڈلیوری مین کو بلڈنگ کے مکینوں نے روک لیا اور پولیس کو سارے معاملے کی اطلاع کر دی۔ بلڈنگ کے پاکستانی سیکیورٹی گارڈ نے بتایا کہ اس نے کلوز سرکٹ کیمروں میں ملزم کو بچی کا لفٹ تک پیچھا کرتے دیکھا تھا۔جس کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ جبکہ ملزم کا کہنا تھا کہ اس نے لفٹ میں بچی سے کوئی غلط حرکت نہیں کی بلکہ اس سے صرف اس اپارٹمنٹ کا پتا پوچھا تھا جہاں اس نے پارسل پہنچانا تھا۔ عدالت کی جانب سے ملزم کو قصور وار ٹھہراتے ہوئے چھ ماہ قید کی سزا سُنا دی گئی ، جبکہ سزا کی مُدت ختم ہونے کے فوری بعد مجرم کو ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں