”مجھے کیوں روکا؟“ نوجوان نے گاڑی پولیس اہلکار پر چڑھا دی

پولیس کے مطابق نوجوان کے پاس موجود گاڑی چوری کی تھی، اسی وجہ سے وہ موقع سے فرار ہو گیا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 18 ستمبر 2019 13:23

”مجھے کیوں روکا؟“ نوجوان نے گاڑی پولیس اہلکار پر چڑھا دی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،18ستمبر 2019ء) دُبئی میں ایک اماراتی نوجوان نے پولیس اہلکار کی جانب سے روکے جانے پر اس پر گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار کو چوٹیں آئیں اور اسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس وقوعے میں ملوث25 سالہ اماراتی نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جو کہ ایک مقامی یونیورسٹی کا طالب علم بتایا جاتا ہے۔ متاثرہ اہلکار نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے پاس موجود گاڑی چند ماہ پہلے ڈکیتی کے دوران چھینی گئی تھی۔

ملزم وقوعہ کے روز صبح کے وقت پام جمیرہ کے علاقے میں ایک ہوٹل کے باہر کھڑا تھا۔ میں نے ریکارڈ چیک کیا تو پتا چلا کہ اس کے پاس موجود گاڑی چوری کی ہے، جس کی رپورٹ بھی درج کرائی گئی تھی۔ میں جونہی ملزم کے پاس گیا اور اسے اپنا محکمے کا کارڈ دکھایا تو اس نے گاڑی سے باہر آنے کی بجائے اچانک گاڑی سٹارٹ کر کے تھوڑی سی پیچھے کی اور وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کرنے لگا۔

(جاری ہے)

میں نے جونہی اس کی گاڑی کے سامنے آ کر اسے روکنے کی کوشش کی تو اس نے تیز رفتاری سے گاڑی مجھ پر چڑھا دی۔ خوش قسمتی سے مجھے گاڑی کی سائیڈ نے ہٹ کیا ورنہ میں بُری طرح کُچلا جاتا۔ اس ٹکر سے میں زمین پر گر پڑا اور مجھے کافی چوٹیں آئیں جن کے باعث مجھے بعد میں ہسپتال میں زیر علاج رہنا پڑا۔ بعد میں ملزم نوجوان کا پتا چلا کر اسے گرفتار کر لیا گیا ۔ استغاثہ کی جانب سے ملزم پر سرکاری اہلکار کی زندگی کو خطرات لاحق کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ تاہم ملزم کو یکم اکتوبر تک کے لیے ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں