دُبئی کے فرمانروا شیخ محمد کی صاحبزادی کی شادی شیخ خالد بن محمد بن حمدان النہیان سے ہو گئی

شہزادی سے شادی رچانے والے شیخ خالد کا تعلق ابو ظہبی کے حکمران خاندان سے ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 20 ستمبر 2019 16:08

دُبئی کے فرمانروا شیخ محمد کی صاحبزادی کی شادی شیخ خالد بن محمد بن حمدان النہیان سے ہو گئی
دُبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،20ستمبر 2019) متحدہ عرب امارات کی دو ریاستوں کے شاہی خاندان ہی نہیں، عوامی حلقوں میں بھی اس وقت خوشی کا سا سماں ہے۔دُبئی کے فرماں روا شیخ محمد بن راشد المکتوم کی صاحبزادی شیخہ مریم رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئی ہیں۔ ان کی شادی گزشتہ روز شیخ خالد بن محمد بن حمدان النہیان سے ہوئی جن کا تعلق ابو ظہبی کے شاہی گھرانے سے ہے۔

شہزادی شیخہ مریم کے بہن بھائیوں اور شاہی خاندان کے دیگر افراد نے سوشل میڈیا ذریعے دُلہا اور دُلہن کو مبارک باد دی۔ شیخہ مریم کی بڑی بہن شیخہ لطیفہ نے نوبیاہتا جوڑے کی تصاویر پوسٹ کر کے انہیں مبارک دی۔ نکاح کی رسم کے بعد اس موقع کے لیے مخصوص مردوں کی جانب سے روایتی اماراتی ناچ بھی پیش کیا گیا۔شیخہ مریم کی منگنی گزشتہ سال اگست میں ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ دُبئی کے فرمانروا شیخ محمد بن راشد المکتوم کے تینوں صاحبزادوں کے نکاح کی رسم رواں سال بڑی سادگی سے 16مئی کو انجام پائی تھی ۔اس سادہ مگر پُروقار تقریب میں شیخ محمد بن راشدالمکتوم کے 36 سالہ بیٹے اور دبئی کے ولی عہد شیخ ہمدان بن محمد کا نکاح شیخہ بنت سعید بن ثانی المکتوم سے ہوا تھا۔ان کے چھوٹے بھائی اور دبئی کے نائب حکمران 35 سالہ شیخ مکتوم بن محمد شیخہ مریم بنت بتی المکتوم سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے جبکہ تیسرے بیٹے اور نالج فاؤنڈیشن کے چیئرمین 32 سالہ شیخ احمد بن محمد بن راشد المکتوم کا نکاح شیخہ مدیہ بنت دلموج المکتوم کے ساتھ ہوا۔ شادی کی تقریب 6 جون 2019 کودبئی کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقد ہوئی تھی۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں