دُبئی کی معروف شاہراہ پر آج صبح ہولناک ٹریفک حادثہ ، 8 افراد ہلاک

حادثہ منی بس کے آگے جاتے ٹرک سے ٹکرانے کے باعث ہوا، 6 افراد زخمی ،2 کی حالت تشویش ناک

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 30 ستمبر 2019 15:47

دُبئی کی معروف شاہراہ پر آج صبح ہولناک ٹریفک حادثہ ، 8 افراد ہلاک
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،30 ستمبر 2019ء) آج صبح سویرے دُبئی میں ایک انتہائی ہولناک واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 8 افراد زندگی سے محروم ہو گئے ہیں، جبکہ 6افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے دو افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ دُبئی پولیس کی جانب سے بتایا جا رہا ہے کہ یہ حادثہ شیخ محمد بن زاید روڈ پر
شارجہ جانے والی سمت میں مِڈ رف سِٹی سینٹر سے پہلے پیش آیا ۔

جب مسافروں سے بھری ایک منی بس آگے جاتے سٹیشنری ٹرک سے جا ٹکرائی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ منی بس کا اگلا حصہ بُری طرح سے پچک گیا۔ اور بس کی اگلی سیٹ پر بیٹھا ڈرائیور اسی لمحے جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ جبکہ منی بس میں سوار دیگر 7 مسافر بھی زندگی سے محروم ہو گئے۔جبکہ چھ مسافر زخمی بھی ہوئے جن میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ باقی چار کو درمیانے درجے کی چوٹیں آئی ہیں جنہیں فوری طور پر راشد ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق منی بس میں ڈرائیور سمیت باقی تمام افراد ایشیائی ممالک سے تعلق رکھتے ہیں ۔ پولیں کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جائے حادثے پر کی جانے والی ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ یہ جان لیوا حادثہ منی بس کے ڈرائیور کی غلطی سے پیش آیا جس نے اپنے سے آگے جاتے سٹیشنری ٹرک سے محفوظ فاصلہ نہیں رکھا ہوا تھا۔ جس کی وجہ سے تیز رفتار منی بس اچانک سٹیشنری ٹرک کے پچھلے حصے میں جا لگی اور کئی انسانی جانوں کا ضیاع ہو گیا۔ اماراتی قانون کے مطابق بھی اگلی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھ کر گاڑی نہ چلانا ٹریفک خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے، جس کے نتیجے میں جرمانے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔پولیس کے مطابق اس حادثے کے حوالے سے مزید معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں