منی بس کا حادثہ، اماراتی حکام کی جانب سے منی بسوں پر پابندی کا امکان

ماضی میں بھی منی بسوں کو پیش آنے والے متعدد واقعات کے باعث درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 1 اکتوبر 2019 12:08

منی بس کا حادثہ، اماراتی حکام کی جانب سے منی بسوں پر پابندی کا امکان
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،30 ستمبر 2019ء) گزشتہ روز دُبئی کے شیخ محمد بن زاید روڈ پر منی بس کو ایک خوفناک حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 8 افراد کی جانیں چلی گئیں اور 6 افراد زخمی ہو کر ہسپتال پہنچ گئے ہیں، جن میں سے دو کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ منی بس کے اس حادثے کے بعد اماراتی حکام کی جانب سے ان پر پابندی لگائے جانے کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔

ایک ٹرانسپورٹ ماہر کا کہنا ہے کہ منی بسیں چودہ مسافروں کو لے جانے کے لیے محفوظ ذریعہ سفر نہیں ہیں، جب کہ کئی بار ڈرائیورز زیادہ پیسوں کے لالچ میں 14 کی بجائے 17 مسافر بھی بٹھا لیتے ہیں۔ اسی وجہ سے حادثہ پیش آنے کی صورت میں اموات کی گنتی بڑھ جاتی ہے۔ رواں سال کے آغاز میں بھی فیڈرل ٹریفک کونسل نے وزارت داخلہ کو یہ سفارش بھیجی تھی کہ جنوری 2023ء تک امارات میں مسافر بردار منی بسوں پر مکمل پابندی عائد کر دی جائے۔

(جاری ہے)

کیونکہ مملکت میں پیش آنے والے 15 فیصد ٹریفک حادثات میں منی بسیں ملوث پائی گئیں۔ فیڈرل ٹریفک کونسل کی جانب سے یہ سفارش بھی کی گئی تھی کہ ستمبر 2021ء کے بعد منی بسوں کو سکول کے سٹوڈنٹس کے لانے اور لے جانے پر بھی پابندی لگا دی جائے۔ کیونکہ ان منی بسوں کی وجہ سے حادثات کی گنتی میں اضافہ ہو رہا ہے۔متحدہ عرب امارات میں اس وقت اوسطاً روزانہ پانچ ہزار منی بسیں مسافر برداری کے لیے استعمال ہو رہی ہیں۔

تاہم ان منی بسوں میں حفاظتی تدابیر کا خیال نہیں رکھا جا رہا۔ منی بسوں کے ڈرائیور مقررہ حدِ رفتار کی بھی پرواہ نہیں کرتے، یہ بھی حادثات کی ایک بڑی وجہ ہے۔ جبکہ ریگولر بسوں کی طرح منی بسوں میں کسی ایمرجنسی کی صورت میں مسافروں کے ہنگامی اخراج کی سہولت بھی میسر نہیں ہے۔ بسوں میں سیفٹی ٹیکنالوجیز کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ تاہم منی بسوں میں یہ سہولت حاصل نہیں ہے۔ دُبئی پولیس کی ایک رپورٹ کے مطابق منی بسوں کو پیش آنے والے حادثات کے باعث سالانہ 15 سے 20 افراد کی ہلاکت ہوتی ہے۔ 2014ء میں بھی ایک منی بس ٹرک میں جا گھُسنے سے 13 افراد کی ہلاکت ہوئی تھی۔ اس کے علاوہ بھی درجنوں افراد منی بس کے سفر کے دوران موت کو گلے لگا چکے ہیں۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں