دُبئی کی رہائشی عمارت میں گیس پائپ دھماکے سے پھٹ گئی، 1 شخص ہلاک

منخول میں ایک اپارٹمنٹ میں ہونے والے اس حادثے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 1 اکتوبر 2019 12:40

دُبئی کی رہائشی عمارت میں گیس پائپ دھماکے سے پھٹ گئی، 1 شخص ہلاک
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،30 ستمبر 2019ء) بُردُبئی کے علاقے منخول میں واقع الغریر بلڈنگ کے ایک اپارٹمنٹ میں اچانک سے گیس پائپ دھماکے سے پھٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا، جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ رہائشی بلڈنگ کی 6ویں منزل پر واقع ایک اپارٹمنٹ میں اُس وقت پیش آیا جب وہاں پر موجود ایک مکینک گیس کی لیکیج کو ٹھیک کرنے میں مصروف تھا۔

اس دوران گیس کا پائپ دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں اگلے اپارٹمنٹ کا رہائشی 47 سالہ بھارتی شہری ہلاک ہو گیا۔ بھارتی شخص بچی کو سکول سے لے کر واپس اپنے اپارٹمنٹ کی جانب بڑھ رہا تھا، جب وہ اس حادثے کا شکار ہوا۔بدقسمت بھارتی شہری اپارٹمنٹ میں اپنی بیوی اور دو بیٹیوں کے ساتھ مقیم تھا۔

(جاری ہے)

دُبئی پولیس کی جانب سے ٹویٹر اکاؤنٹ پراس افسوس ناک واقعے کی اطلاع دی گئی۔

پولیس کے مطابق اس حادثے میں ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔ تمام زخمیوں کا تعلق ایشیائی ممالک سے ہے جنہیں علاج کے لیے راشد ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ مرنے والے بھارتی کی بیوی نے بتایا کہ وہ اپنی چھوٹی بچی کے ساتھ گھر پر تھی، جب اُس کا خاوند بڑی بیٹی کو ٹیوشن سے لے کر واپس آ رہا تھا۔ اسی دوران ساتھ والے اپارٹمنٹ میں زور کا دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ہمارے اپارٹمنٹ کی چھت کا بھی کچھ حصہ گر پڑا۔

میں اپنی چھوٹی بچی کو لے کر اپارٹمنٹ سے باہر آ گئی۔ تو مجھے پتا چلا کہ میرا خاوند اسی وقت بڑی بیٹی کے ساتھ ہمسایوں کے اپارٹمنٹ کے قریب سے گزر رہا تھا جب دھماکے کے باعث ایک بڑا دروازہ اس پر آ گرا اور وہ اس کے باعث زندگی سے محروم ہو گیا۔ جبکہ بڑی بیٹی کو بھی ٹانگ پر معمولی خراشیں آئیں۔پائپ ٹھیک کرنے والا مکینک بھی اس حادثے میں زخمی ہوا جس کی دیگر زخمیوں کے ساتھ راشد ہسپتال میں دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں