متحدہ عرب امارات میں الیکشن بخار عروج پر پہنچ گیا، آج ووٹنگ ہو گی

فیڈرل نیشنل کونسل کی 20 نشستوں کے لیے 479 اُمیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 5 اکتوبر 2019 11:20

متحدہ عرب امارات میں الیکشن بخار عروج پر پہنچ گیا، آج ووٹنگ ہو گی
دُبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5اکتوبر2019ء) آج کے روز اماراتیوں میں الیکشن کا بخار عروج پر پہنچ گیا ہے، کیونکہ فیڈرل نیشنل کونسل کی 20 نشستوں کے لیے ووٹنگ آج ہی ہو رہی ہے، جس کے لیے کُل 479 اُمیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے جبکہ باقی کی 20 نشستوں کے لیے ارکان کی تعیناتی متحدہ عرب امارات کی ساتوں ریاستوں کے فرمانروااپنی صوابدید سے کریں گے۔

یکم اکتوبر سے لے کر 3 اکتوبر تک کے تین دِن مملکت میں نو پولنگ سنٹرز میں ووٹنگ کرائی گئی، جو کہ بزرگ شہریوں، ذہنی و جسمانی معذوروں اور ایسے لوگوں کے لیے مخصوص تھی جو کسی وجہ سے الیکشن کے دِن یعنی آج کے روز اپنا ووٹ نہیں کاسٹ کر سکیں گے۔ اس سے پہلے فیڈرل نیشنل کونسل کے انتخابات 2006ء ، 2011ء اور 2015 میں منعقد ہوئے۔ جبکہ اب کی بار یہ انتخابات چوتھی بار منعقد ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اماراتی الیکشن کمیشن کے مطابق دس لاکھ سے زائد اماراتی ووٹ دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں تاہم ووٹنگ لسٹ میں اندراج کرانے والوں کی گنتی 3لاکھ 37 ہزار 738 بتائی جا رہی ہے۔ 2015ء کے فیڈرل نیشنل کونسل کے انتخابات کے دوران یہ تعداد محض 2لاکھ 24 ہزار 281 تھی۔اس لحاظ سے گزشتہ چار سالوں کے دوران اماراتی ووٹرز کی گنتی میں 50.58 کا اضافہ ہوا ہے۔ اس بار کے انتخابات میں خاندانی استحکام، ضروریات زندگی کی اشیاء مہنگی ہونے سے روکنے، اماراتی خواتین کے دفتری کام کے اوقات گھٹانے اور اماراتی بچوں کی سکول فیسوں جیسے معاملات کو ایجنڈا بنا کر الیکشن لڑا جا رہا ہے۔

اماراتی ووٹرز کا کہنا ہے کہ وہ انتخابی ایجنڈے کی بجائے ایسے اُمیدواروں کی حمایت کر رہے ہیں جنہیں وہ ذاتی طور پر جانتے ہیں۔ آج کے روز 39 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔ جبکہ سرکاری ملازموں کو ووٹ ڈالنے کے لیے چند گھنٹوں کی چھُٹی دی جائے گی۔ انتخابات کا اعلان آج شام کو ہی کر دیا جائے گا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں