دُبئی: غیر مُلکی ملازم نے سُپروائزر کو چاقو کے وار گھونپ کر شدید زخمی کر دیا

متاثرہ سپروائزر نے بتایا کہ اسے خود بھی معلوم نہیں کہ ملازم نے اس پر حملہ کیوں کیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 5 اکتوبر 2019 11:35

دُبئی: غیر مُلکی ملازم نے سُپروائزر کو چاقو کے وار گھونپ کر شدید زخمی کر دیا
دُبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5اکتوبر2019ء) دُبئی پولیس نے ایک غیر مُلکی ملازم کو اپنے سُپروائرز کو چاقو کے متعدد وار کر کے شدید زخمی کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ دُبئی کے سرکاری استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ المرقبت کے علاقہ میں واقع ایک دفتر میں پیش آیا جب 41 سالہ فلپائنی ملازم نے کسی بات پر طیش میں آ کر اپنے 32 سالہ مصری سُپروائزر کو چاقو گھونپ دیا۔

جس کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ متاثرہ سُپروائزر نے بتایا کہ وقوعہ کے روز ملزم دفتر دیر سے آیا۔ اس نے دفتر کی مخصوص وردی بھی نہیں پہن رکھی تھی۔ وہ اس دوران مسکرائے جا رہا تھا اور مجھ سے ذرا بھی بات نہیں کی۔ تھوڑی دیر بعد میں ٹیلی فون پر کمپنی کے ایک صارف سے بات چیت میں مصروف تھا کہ اچانک ملزم نے میرے پچھلی جانب سے چاقو سے حملہ کر کے میری گردن اور بائیں کندھے کو زخمی کر دیا۔

(جاری ہے)

میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے بے ہوش ہو گیا۔ ملزم مجھے مارنے کا ارادہ رکھتا تھا تاہم وہاں موجود دفتر کے دوسرے ملازمین نے اُسے ایسا کرنے سے پہلے ہی اپنی گرفت میں لے لیا۔ جس کا مجھے بعد میں پتا چلا۔ مجھے یہ بھی نہیں پتا کہ ملزم نے ایسا کیوں کیا ہے، میرا اس سے قبل کوئی جھگڑا بھی نہیں ہوا تھا۔ فارنز ک رپورٹ سے پتا چلا کہ مصری سپروائزر کواگر فوری طور پر ہسپتال منتقل نہ کیا جاتا تو چاقو کے لگنے والے گھاؤ اس کے لیے جان لیوا بھی ہوسکتے تھے۔ یہ میڈیکل رپورٹ بھی مقدمے کی فائل کے ساتھ لگا دی گئی ہے۔ اس مقدمے کی کارروائی 20 اکتوبر 2019ء کو ہونے جا رہی ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں