متحدہ عرب امارات کے انتخابات میں خواتین کی شاندار کامیابی

فیڈرل نیشنل کونسل کے انتخابات میں خواتین نے 35 فیصد نشستوں پر میدان مار لیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 7 اکتوبر 2019 10:41

متحدہ عرب امارات کے انتخابات میں خواتین کی شاندار کامیابی
ابو ظہبی (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 اکتوبر2019ء ) سعودی عرب میں خواتین بہت تیزی سے آگے آ رہی ہیں۔ جبکہ متحدہ عرب امارات میں بھی خواتین کی اہمیت اور قابلیت کا اعتراف روز بروز بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ اس کی ایک تازہ ترین مثال امارات کی ساتوں ریاستوں میں ہونے والے فیڈرل نیشنل کونسل کے انتخابات میں ہیں جن میں خواتین نے بھی بڑی تعداد میں کامیابی سمیٹ لی ہے۔

ہفتہ کے روز ہونے والی پولنگ کے بعد رات کو نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ بالآخر سینکڑوں اُمیدواروں کی ایک مہینے سے جاری انتخابی مہم ان کے لیے کامیابی کی ضامن بن ہی گئی۔ خلیجی اخبار کے مطابق فیڈرل نیشنل کونسل کی 20 نشستیں جن کا حال ہی میں اعلان کیاگیا ہے، ان میں سے 7 پر خواتین کے حصے میں کامیابی آئی ہے۔ اماراتی خاتون وزیر برائے کلچر و نالج ڈویلپمنٹ نُورا بنت محمد الکعبی نے امارات بھر سے کامیاب ہونے والے 20 خوش نصیب اُمیدواروں کا اعلان کر دیا۔

(جاری ہے)

ابو ظہبی سے سُہیل الفالی، خلفان راشد الشمسی، نعمیہ المنصوری اور موضع محمد الامری کامیاب قرار پائے۔ دُبئی کی نشستوں پر حماد ال رحومی، احمد عبداللہ الشفان، مریم ماجد خلفان بنت سُنیہ اور سارا محمد امین فلکِ ناز بھی کامیابی کے حقدار ٹھہرے۔ شارجہ اور راس الخیمہ کی ریاستوں سے بھی تین، تین کامیاب اُمیدواروں کا اعلان کیا گیا جبکہ عجمان، فجیرہ اور اُم القوین کی ریاستوں میں دو، دو اُمیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔

انتخابات کے نتائج کا اعلان رات دس بجے کیا گیا، کیونکہ ووٹ ڈالنے کا وقت 9 بجے تک بڑھا دیا گیا تھا۔ ان انتخابات کے لیے متحدہ عرب امارات کی تمام ریاستوں سے مجموعی طور پر 479اُمیدواروں نے حصہ لیا۔ابو ظہبی سے کامیاب ہونے والی خاتون نعیمہ المنصوری نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ لوگوں نے ان کی قائدانہ صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے انہیں کامیابی دلائی ہے۔

اگرچہ کہ یہ بہت سخت مقابلہ تھا، مگر شُکر ہے کہ وہ کامیاب قرار پائی ہیں۔ میں وعدہ کرتی ہوں کہ اپنے لوگوں کی نمائندگی بھرپور طریقے سے کروں گی۔ واضح رہے کہ خواتین کی بڑی تعداد میں کامیابی کے بعد ان کی امارات کی قومی اسمبلی میں نمائندگی پچاس فیصد تک پہنچ گئی ہے، اس لحاظ سے متحدہ عرب امارات دُنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہو گیا ہے جہاں خواتین ارکان کی نمائندگی پچاس فیصد یا اس سے زیادہ ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں