”خواتین مردوں سے زیادہ اچھی ڈرائیونگ کرتی ہیں“

دُبئی پولیس کی جانب سے جاری رپورٹس نے سب کوحیران کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 17 اکتوبر 2019 13:09

”خواتین مردوں سے زیادہ اچھی ڈرائیونگ کرتی ہیں“
دُبئی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اکتوبر2019ء) دُنیا بھر میں اس وقت یہ سوچ پائی جاتی ہے کہ خواتین اچھی ڈرائیورزنہیں ہوتیں، اور ان کے باعث حادثات رُونما ہونے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ اکثر خواتین کی ڈرائیونگ کے حوالے سے مختلف لطائف اور میمز بھی سامنے آتے ہیں۔ تاہم دُبئی پولیس کی جانب سے ٹریفک حادثات کے حوالے سے ایسی رپورٹ شائع کی گئی ہے جس نے اس سوچ کی پُوری طرح نفی کر کے رکھ دی ہے۔

اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دُبئی میں مقیم خواتین مرد وں کے مقابلے میں زیادہ محفوظ اور بہتر ڈرائیونگ کرتی ہیں۔ 2019ء میں دُبئی میں ہونے والے حادثات میں خواتین ڈرائیورز کی شرح صرف 9.4 فیصد پائی گئی۔ باقی کے تقریباً 91 فیصد حادثات مرد ڈرائیورز کی لاپرواہی اور غیر ذمہ داری کے باعث رُونما ہوئے۔

(جاری ہے)

دُبئی پولیس کے مطابق یکم جنوری 2019ء سے لے کر 30 ستمبر 2019ء کی مُدت کے دوران خواتین ڈرائیورز کے باعث ہونے والے خوفناک حادثات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 66.6 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔

دُبئی پولیس کے ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر سیف مُہیر المزروعی نے بتایا کہ یکم جنوری سے 30 ستمبر تک خواتین کی ڈرائیونگ کے دوران 91 ٹریفک حادثات ہوئے جن کے باعث 3 افراد کی ہلاکت ہوئی جبکہ 129 زخمی ہوئے۔ 2018ء میں اسی مُدت کے دوران اس نوعیت کے 120 ٹریفک حادثات ہوئے، جن میں 9 افراد ہلاک اور 182 زخمی ہوئے۔ اس لحاظ سے 2019ء میں ہونے والے جان لیوا حادثات میں خواتین ڈرائیورز کا حصہ صرف 3.2 فیصد بنتا ہے۔ مردوں کی وجہ سے ہونے والے ٹریفک حادثات کی بڑی وجوہات میں تیز رفتاری، گاڑیوں کے کرتب دکھانااور غیر ذمہ دار ڈرائیونگ شامل ہیں جبکہ خواتین کی جانب سے زیادہ تر حادثات کی اہم ترین وجہ ڈرائیونگ کے دوران بے دھیانی کا مظاہرہ کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں