پاکستانی بزنس مین کو دھوکا دہی سے لُوٹنے والے اماراتی پولیس اہلکار کو سزا ہو گئی

ملزم نے دو افریقی باشندوں کے ساتھ مِل کر پاکستانی شخص کو جعلی کرنسی کی فروخت کے بہانے گرفتار کرنے کا جھوٹا ڈرامہ رچایا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 7 نومبر 2019 13:49

پاکستانی بزنس مین کو دھوکا دہی سے لُوٹنے والے اماراتی پولیس اہلکار کو سزا ہو گئی
دُبئی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔7نومبر 2019ء) دُبئی میں فرسٹ لیفٹیننٹ کے عہدے پر تعینات ایک اماراتی پولیس اہلکار کو پاکستانی بزنس مین کو ڈرا دھمکا کر اُس سے رقم ہتھیانے کے جُرم میں تین سال قید کی سزا سُنا دی گئی ہے۔ اماراتی اہلکار نے ایک منصوبہ بندی کے ایک افریقی ملک کیمرون سے تعلق رکھنے والے دو افراد کی خدمات حاصل کیں۔ جنہوں نے پاکستانی منی چینجر سے جا کر اُسے جعلی کرنسی فروخت کرنے کی آفر کی۔

ملزمان نے پاکستانی منی چینجر سے کہا کہ اُن کے پاس اصل جیسی کرنسی ہے جس کی مالیت ساڑھے پانچ لاکھ درہم ہے، جسے وہ صرف 2 لاکھ 72 ہزار درہم کی عوض فروخت کر دیں گے۔ پاکستانی منی چینجر نے اُن کی یہ بات ماننے سے انکار کر دیا تاہم منصوبے کے تحت اُسی وقت اماراتی پولیس اہلکار اپنے دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ وہاں پر پہنچ گیا اورپاکستانی منی چینجر کو اپنے دونوں ساتھیوں سمیت جعلی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کر لیا اور پاکستانی منی چینجر کے پاس موجود لاکھوں درہم کی رقم بھی بطور ثبوت اپنے پاس رکھ لی۔

(جاری ہے)

تاہم اماراتی اہلکار منی چینجر کو پولیس اسٹیشن لے جانے کی بجائے اپنے دونوں ساتھیوں سمیت وہاں سے فرار ہو گیا۔پولیس اہلکار نے دونوں افریقی باشندوں کو یہ ناٹک کامیابی سے رچانے پر اُس نے انہیں پندرہ پندرہ ہزار کی رقم ادا کی۔ اور باقی رقم اپنی جیب میں ڈال لی۔ پاکستانی منی چینجر کو احساس ہوا کہ اُس کے ساتھ فراڈ ہو گیا ہے تو اُس نے فوری طور پر پولیس اسٹیشن جا کر نامعلوم افراد کے خلاف رپورٹ درج کرا دی۔

پولیس نے تفتیش کے بعد تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ عدالت میں استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا کہ ملزم پولیس اہلکار نے خود کو سی آئی ڈی کا اہلکار ظاہر کر کے گرفتاری کا ڈراما رچایا۔ حالانکہ اُس کی پولیس محکمے میں جو ذمہ داریاں ہیں، اُن میں کسی کی گرفتاری شامل نہیں ہے۔ ملزم نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا ہے اور دھوکا دہی کا ارتکاب بھی کیا ہے۔ دھوکا دہی کی اس واردات میں ملوث تمام ملزمان کو تین تین سال قید کی سزا سُنا دی گئی۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں