دبئی میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی، نظام زندگی درہم برہم ہوگیا

بارشیں مزید 3 روز تک جاری رہنے کا امکان، الرٹ جاری کرتے ہوئے لوگوں کو نقل و حرکت محدود کرنے کی ہدایت کر دی گئی

muhammad ali محمد علی پیر 11 نومبر 2019 18:55

دبئی میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی، نظام زندگی درہم برہم ہوگیا
دُبئی (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 نومبر 2019ء) دبئی میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی، نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، بارشیں مزید 3 روز تک جاری رہنے کا امکان، الرٹ جاری کرتے ہوئے لوگوں کو نقل و حرکت محدود کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ اماراتی خب رساں اداروں کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے سب سے اہم ترین شہر دبئی میں طوفانی بارش نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے۔



بتایا گیا ہے کہ دبئی میں طوفانی بارش کے باعث رہائشی گھروں میں ہی محصور ہو کر رہ گئے۔ طوفانی بارشوں کے نتیجے میں سڑکیں زیر آب آ گئیں۔ اکثر اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔

جبکہ کئی مقامی اور بین الاقوامی پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔

(جاری ہے)

دُبئی اور ابو ظہبی میں موسلا دھار بارشیں اتوار کی صبح کو شروع ہوئیں جو اب تک جاری ہیں۔

ابتدائی ایک گھنٹے کی بارش نے ہی سڑکوں پر کئی فٹ پانی کھڑا کر دیا۔ یہاں تک کہ دُبئی مال جیسا شاندار شاپنگ سنٹر بھی زیر آب آ گیا جسے اپنی تعمیر اور سیکیورٹی کے اعتبار سے دُنیا کے بہترین مالز میں شمار کیا جاتا ہے۔ دُبئی مال کی انتظامیہ کے مطابق مال میں کچھ جگہوں پر چھتوں سے پانی ٹپکنے لگا جس سے وہاں شاپنگ کے لیے آئے افراد کو بہت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔



مزید بتایا گیا ہے کہ دُبئی میں کل صبح ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث دُبئی ایئر پورٹ سے پروازوں کا شیڈول بھی بُری طرح متاثر ہوا۔ ایئرپورٹ کے ترجمان نے بتایا کہ موسم کی خراب صورتِ حال کے باعث کئی پروازیں کی روانگی تاخیر سے ہوئی۔ جس کے باعث مسافروں کو بہت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ دُبئی میں کل تمام اسکولز بند تھے جبکہ جن اسکولز میں بچے پہنچ گئے تھے، اُنہیں بھی جلدی چھُٹی دے دی گئی۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اگلے تین روز میں مزید بارشیں ہو سکتی ہیں۔ اس لیے عوام کو اپنی نقل و حرکت محدود کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں