اماراتی نوجوان برہنہ حالت میں اپنے دوست کے گھر گھُس آیا

دوست کی والدہ نے خوف زدہ ہو کر پولیس بُلا لی، نوجوان نے پولیس والوں کو بھی زخمی کرڈالا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 12 نومبر 2019 12:42

اماراتی نوجوان برہنہ حالت میں اپنے دوست کے گھر گھُس آیا
دُبئی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12نومبر 2019ء) دُبئی میں مقیم ایک عرب خاتون اُس وقت انتہائی خوف زدہ ہو گئی جب اُس کے جوان بیٹے کا ایک دوست برہنہ حالت میں زبردستی اُس کے گھر میں گھُس آیا۔ خاتون نے پریشان ہو کر فوری طور پر پولیس بُلا لی۔ 21 سالہ نوجوان نے اُسے گرفتار کرنے آئے دونوں پولیس اہلکاروں کو بھی مار پیٹ کا نشانہ بنا کر زخمی کر ڈالا ۔

اس واقعے کی رپورٹ البرشا پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی۔ عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ وہ خاتون کی جانب سے فون کیے جانے کے بعد فوراً اُس کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے۔ جہاں ہم نے گھر میں موجود اماراتی نوجوان کو برہنہ حالت میں دیکھا۔ خاتون نے بتایا کہ یہ نوجوان اُس کے بیٹے کا دوست ہے۔ جب ہم ملزم کو باہر لے کر گئے تو خاتون نے اپنا موقف بدل کر کہا کہ ملزم بغیر اجازت کے اُس کے گھر میں گھُس آیا تھا۔

(جاری ہے)

اس دوران خاتون انتہائی خوف زدہ دکھائی دے رہی تھی اور ملزم کے خلاف رپورٹ درج کرانے سے بھی ہچکچا رہی تھی۔ ملزم کو جب گھر سے باہر لے جایا گیا تو اُس نے ایک بار پھر پلٹ کر گھر میں جانے کی کوشش کی تو میں نے اور میرے ساتھی اہلکار نے اُسے پولیس کی گاڑی میں بیٹھنے کو کہا۔ جس پر ملزم نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا۔ یہاں تک کہ اُسے ہتھکڑی لگانے کی کوشش کی گئی تو وہ بھڑک اُٹھا اور ہم پرحملہ کر دیا۔

ملزم نے میرے منہ پر زور سے کہنی ماری جس کے باعث میرے ہونٹ سُوج گئے اور پھر مُکے بھی چلائے جس کے باعث میرے بائیں کندھے اور بائیں ٹانگ پر شدید چوٹ آئی۔ میرے دُوسرے ساتھی کو بھی معمولی زخم آئے۔ ملزم نے دورانِ تفتیش پولیس اہلکاروں کی مار پیٹ کا اعتراف کر لیا تاہم وہ اپنے دوست کے گھر میں زبردستی داخل ہونے کے الزام سے مُکر گیا۔ اس مقدمے کی اگلی سماعت 21 نومبر کو ہو گی۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں