دُبئی میں تمام ریسٹورنٹس اور ہوٹلز مفت پانی دینے کے پابندکر دیئے گئے

دُبئی میونسپلٹی کے مطابق گاہکوں کی جانب سے فرمائش کرنے پر اُنہیں بوتل بند پانی کی بجائے نلکے کا صاف پانی مفت میں فراہم کرنا لازمی ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 12 نومبر 2019 13:13

دُبئی میں تمام ریسٹورنٹس اور ہوٹلز مفت پانی دینے کے پابندکر دیئے گئے
دُبئی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12نومبر 2019ء) دُبئی میں ریسٹورنٹس، ہوٹلز اور دیگر فوڈ پوائنٹس سے کھانا کھانے کے شوقین افراد کے لیے شاندار خبر سُنا دی گئی۔ اب گاہکوں کو کمپنیوں کے بوتل بند پانی کے ساتھ ساتھ نلکے کا پانی پینے کی آپشن بھی دی جائے گی۔ اگر کوئی گاہک نلکے کا صاف پانی پینے کو مانگے گا تو یہ پانی اُسے مفت میں فراہم کیا جائے گا۔

اس پابندی کے باعث گاہکوں کو بوتل بند پانی کے باعث اضافی خرچے سے نجات مِل جائے گی۔ یہ خوش خبری امل البدواوی نے 13 ویں دُبئی انٹرنیشنل فوڈ سیفٹی کانفرنس کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی۔ اُن کا کہنا تھا کہ آئندہ سے ریسٹورنٹس اور ہوٹلز میں جانے والے گاہکوں کے پاس یہ آپشن ہو گی کہ وہ اپنی مرضی سے بوتل بند پانی خریدیں یا نلکے کا فلٹر شُدہ پانی مفت میں پی سکیں۔

(جاری ہے)

تمام فوڈ پوائنٹس پر یکم فروری 2020ء سے اس پابندی پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا۔ 2020ء میں دُبئی میں نیا فوڈ کوڈ لایا جا رہا ہے جس میں ایک مقصد یہ بھی رکھا گیا ہے کہ پلاسٹک کی بوتلوں کا استعمال گھٹایا جا سکے تاکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔ امل البدواوی کا کہنا تھا کہ دُبئی بھر میں نلکے کا پانی دُبئی الیکٹریسٹی اینڈ واٹر اتھارٹی (Dewa) کی جانب سے فراہم کیا جاتا ہے جو کہ انسانی صحت کے لیے بالکل موزوں ہے۔

اگر لوگ اپنے گھروں کی ٹینکیاں صاف سُتھری رکھیں تو پھر نلکے کا پانی پینے سے صحت کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوتا۔ بس اتنی احتیاط کی جائے کہ کہیں سے بھی پانی کے پائپ اور ٹینکیاں کہیں سے ٹُوٹی پھُوٹی اور زنگ آلودہ نہ ہوں۔ کسی بھی بلڈنگ یا تجارتی مرکز کے مالک کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ہاں مہیا ہونے والے پانی کی کوالٹی مجاز ادارے سے چیک کروائے۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ پہلے دو سال نلکے کا پانی فراہم کرنے کے حوالے سے غذائی مراکز پر کوئی جرمانے عائد نہیں ہوں گے۔ تاہم اس مُدت کے بعد تمام ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کو ہر صورت میں ہدایات پر عمل کرنا ہو گا۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں