ابو ظہبی میں گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، دو ننھے بچے جل کر جاں بحق

والدین اپنے دونوں بچوں کو گاڑی میں ہی چھوڑ کرکہیں پاس گئے تھے جب یہ المناک حادثہ پیش آیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 13 نومبر 2019 12:55

ابو ظہبی میں گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، دو ننھے بچے جل کر جاں بحق
ابوظہبی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13نومبر 2019ء) ابو ظہبی میں اب سے کچھ دیر قبل ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں دو ننھے مُنے بھائی زندگی کی باز ہار گئے ہیں۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ابو ظہبی کے علاقے میرینا میں پیش آنے والے اس واقعے میں دو سگے بھائی اللہ کو پیارے ہو گئے ہیں۔ جن کی عمریں بالترتیب ڈیڑھ سال اور تین سال ہیں۔

یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ایک فور وہیل ڈرائیور گاڑی میں اچاک بھڑک اُٹھی۔ جس کے باعث گاڑی میں موجود دو بچے آناً فاناً خوفناک آگ کی لپیٹ میں آ کر زندہ جل کر مر گئے۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ یہ حادثہ والدین کی غفلت کے نتیجے میں پیش آیا جو گاڑی پارک کرنے کے بعد بچوں کو گاڑی میں ہی چھوڑ کر شاپنگ کی غرض سے پاس ہی گئے تھے کہ اچانک گاڑی میں کسی وجہ سے آگ بھڑک اُٹھی۔

(جاری ہے)

والدین اپنے جگر کے ٹکڑوں کے ساتھ پیش آنے والے اس دل دوز سانحے پر صدمے کی کیفیت میں ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ اس قدر تیزی سے بھڑکی کہ بچوں کو بچانے کا موقع ہی نہیں مِل سکا۔ دو معصوم انسانی زندگیوں کے ساتھ یہ المناک سانحہ ہونے پر جائے حادثہ پر موجود ہر شخص کی آنکھ اشکبار ہے ۔ پولیس ترجمان کی جانب سے اس واقعے پر انتہائی افسوس اور دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ والدین کو کبھی اپنے بچوں کو گاڑی میں اکیلے چھوڑ کر نہیں جانا چاہیے۔

کیونکہ کسی حادثے کی صورت میں بچے اپنی جان بچانے کی صلاحیت بہت کم رکھتے ہیں اور خطرے کو بھانپنے کی صلاحیت بھی ان میں پختہ نہیں ہوئی ہوتی۔ ماضی میں پہلے بھی ایسے کئی واقعات پیش آئے ہیں جب والدین اپنے بچوں کو گاڑی میں بند کر کے چلے جاتے ہیں ، اور یہ بچے سخت گرمی میں بند شیشوں کے باعث دم گھُٹنے سے جاں بحق ہو جاتے ہیں۔ پولیس کی جانب سے اس واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات آنا باقی ہیں۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں