دُبئی ایئرپورٹ پر تعینات کسٹم انسپکٹر نے انوکھی واردات کر ڈالی

انسپکٹر نے ایک کمپنی کی جانب سے بھیجے گئے 25 نئے موبائلز فون نکال کر اُن کی جگہ پُرانے موبائل فون رکھ دیئے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 18 نومبر 2019 10:18

دُبئی ایئرپورٹ پر تعینات کسٹم انسپکٹر نے انوکھی واردات کر ڈالی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 نومبر 2019ء ) دُبئی ایئرپورٹ پر تعینات ایک غیر ملکی انسپکٹر دھوکا دہی کی بناء پر گرفتار کر لیا۔ سرکاری استغاثہ نے بتایا کہ 38 سالہ اُردنی انسپکٹر دُبئی انٹرنیشنل پر تعینات تھا۔ جس نے چین سے آئے سینکڑوں اسمارٹ فونز میں سے 25 قیمتی فونز نکال کر اُن کی جگہ پُرانے موبائل فون رکھ دیئے۔ عدالت میں کویت کی ایک کمپنی کے مالک نے بتایا کہ اُس نے 408 اسمارٹ فونز چین سے منگوائے تھے، جو دُبئی کے راستے کویت لائے جا رہے تھے۔

دُبئی ایئرپورٹ سے یہ سامان شپنگ کے ذریعے کویت پہنچایا جانا تھا۔ اس مقصد کے لیے کمپنی کے ملازم نے انسپکٹر کو تمام اسمارٹ فونز پر مشتمل ڈبے دیئے تاکہ وہ چیک کر لے کہ کویت بھیجا جانے والا یہ سامان ٹھیک حالت میں دُبئی پہنچ گیا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم جب یہ اسمارٹ فونز کویت پہنچے اور انہیں چیک کیا گیا تو پتا چلا کہ ان میں سے 25 اسمارٹ فونز کسی اور برانڈ کے تھے، اور وہ بھی پُرانے اور خراب حالت میں تھے تاہم اُن کے ڈبے باقی اسمارٹ فونز والے ہی تھے۔

اس معاملے پر کمپنی مالک چکرا کر رہ گیا اور فوری طور پر دُبئی پہنچ گیا جہاں اُس نے ایئرپور ٹ حکام کو شکایت درج کرا دی۔حکام نے یہ سامان کویت بھجوانے جانے کی تاریخ میں سرویلنس کیمروں کی ریکارڈنگ چیک کی تو ایک فوٹیج میں انسپکٹر کو ایئرپورٹ کے گودام میں نئے اسمارٹ فونز نکال کر اُن کے ڈبوں میں میں خراب اور مختلف برانڈز کے فون رکھتے پایا گیا۔ ملزم نے یہ خراب فونز مختلف مواقع پر جمع کر رکھے تھے۔ اور انہیں کسی مناسب موقعے کی تاک میں استعمال کرنا چاہتا تھا ۔ اس انکشاف کے بعد اُردنی انسپکٹر کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس کے خلاف 8 دسمبر کو عدالت میں دھوکا دہی اور اپنے فرائض کا ناجائز استعمال کرنے کے الزام میں مقدمہ چلایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں