متحدہ عرب امارات میں اس بار ہونے والی بے پناہ بارشوں کی وجہ کیا ہے؟

محکمہ موسمیات کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ امارات میں مصنوعی طریقے سے بارشیں برسائی جا رہی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 20 نومبر 2019 14:44

متحدہ عرب امارات میں اس بار ہونے والی بے پناہ بارشوں کی وجہ کیا ہے؟
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 نومبر 2019ء ) گزشتہ کچھ عرصے سے متحدہ عرب امارات میں بارشیں ماضی کی نسبت خاصی زیادہ اور گرج چمک کے ساتھ ہو رہی ہیں۔ جس پر اکثر افراد حیران ہیں۔ تاہم محکمہ موسمیات کی جانب سے امارات میں حالیہ عرصے کے دوران معمول سے زیادہ ہونے والی بارشوں کی وجوہات ظاہر کر دی گئی ہیں۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ کڑکتی ہوئی دھوپ پڑ رہی ہوتی ہے اور چند منٹوں بعد ہی آسمان سے موسلا دھار بارش برسنے لگتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یہ اچانک اور غیر متوقع بارش مصنوعی طریقے سے برسائی جا رہی ہے جسے کلاؤڈ سیڈنگ کا نام دیا جاتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تازہ ترین کلاؤڈ سیڈنگ رات 11:15 پر کی گئی اور یہ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک آسمان پر بادل کا کوئی ایک بھی ٹکڑا نظر آئے گا۔

(جاری ہے)

اس وقت بھی محکمہ موسمیات کے ایئر کرافٹس کلاؤڈ سیڈنگ کا کام کر رہے ہیں۔

اس کلاؤڈ سیڈنگ کا مقصد مملکت میں ہونے والی بارش کی مقدار بڑھا کر درجہ حرارت میں کمی لانا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے موسم اور بادلوں کی صورتِ حال پر پل پل نظر رکھی جاتی ہے اور یہ کام جدید ٹیکنالوجی سے لیس موسمی نگرانی کے ریڈارز کی مدد سے کیا جا رہا ہے۔ جہاں بھی کہیں ہلکے پھُلکے بخارات نظر آتے ہیں تو فوری طور پر ایئر کرافٹس کو فضا میں بھیج کر ان کے ذریعے ان آبی بخارات پر سالٹ کرسٹلز کا چھڑکاؤ کرایا جاتا ہے جو کہ میگنیشیم، سوڈیم کلورائیڈ اور پوٹاشیم کلورائیڈ کا مجموعہ ہوتے ہیں۔

جس کے باعث یہ آبی بخارات فوری طور پر گھنے بادلوں کا رُوپ دھار لیتے ہیں اور آناً فاناً بارش برسانے لگتے ہیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ مصنوعی بارش کے اس طریقے کے باعث مملکت کے مختلف علاقوں میں موسم غیر متوقع اور ابر آلود رہے گا۔ کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہو گی۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں