دُبئی: پاکستانی ڈرائیور برطانوی بچے سے شرمناک حرکات پر گرفتار

پاکستانی ڈرائیور نے بچے کو اپنے ساتھ والی سیٹ پر بٹھا کر اس سے کئی بار غلط حرکات کیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 29 نومبر 2019 17:28

دُبئی: پاکستانی ڈرائیور برطانوی بچے سے شرمناک حرکات پر گرفتار
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 نومبر 2019ء) دُبئی میں مقیم ایک پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور کو اس کی غلط حرکات نے حوالات پہنچا دیا۔ 35 سالہ پاکستانی نوجوان جو کہ دُبئی میں ٹیکسی چلاتا ہے، اس نے ایک برطانوی خاتون اور اس کے 12 سالہ بچے کو اپنی ٹیکسی میں بٹھایا۔ بچہ آگے بیٹھا ہوا تھا، جبکہ اس کی ماں پچھلی سیٹ پردیگر دو بچوں کے ساتھ براجمان تھی جب ڈرائیور نے برطانوی بچے کے جسم کے مختلف حصّوں کو کئی بار چھُوا جس کے باعث بچہ خوفزدہ ہو گیا تاہم اس نے ٹیکسی سے اُترنے کے بعد اپنی ماں کو بتایا کہ پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور اُسے اپنے ساتھ بٹھا کر کس طرح کی شرمناک حرکات کرتا رہا ہے۔

جس پر برطانوی خاتون نے پاکستانی ڈرائیور کے خلاف البرشا کے پولیس اسٹیشن میں جنسی ہراسگی کی رپورٹ درج کرا دی۔

(جاری ہے)

خاتون نے پولیس والوں کو بتایاکہ اس نے کسی اور مقام پر جانے کے لیے ٹیکسی بُک کروائی بعد میں مجھے بچے نے اپنے ساتھ ہونے والی شرمناک حرکات کے بارے میں بتایا۔ برطانوی بچے نے استغاثہ کو بتایا کہ جب میں ڈرائیور کے ساتھ اگلی سیٹ پر بیٹھ گیا تو کچھ منٹوں بعد ہی اُس نے مجھ سے غلط حرکات شروع کر دیں، میں نے کئی بار اس کا ہاتھ پیچھا کرنے کی کوشش کی مگر وہ اپنی حرکتوں سے باز نہ آیا۔

میں اس کی حرکتوں سے بہت زیادہ خوفزدہ ہو گیا تھا۔ اسی وجہ سے میں فوری طور پر اپنی والدہ کو اس بارے میں نہ بتا سکا۔ تاہم گھر پہنچنے کے بعد میں نے اپنی والدہ کو بتایا کہ کس طرح مجھے ڈرائیور نے ہراساں کیا۔“ جس کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے سامنے پاکستانی ڈرائیور کا کہنا تھا کہ اُس نے بچے کی ٹانگوں پر شفقت سے ہاتھ پھیرا تھا، اس میں کوئی غلط نیت نہیں تھی۔ تاہم عدالت میں وہ اس بات سے بھی مُکر گیا۔ اگلی سماعت 12 دسمبر 2019ء کو ہو گی۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں