اماراتی پاسپورٹ دُنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ بن گیا

اماراتی پاسپورٹ پر 179 ممالک کا سفر بغیر ویزے کے کیا جا سکتا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 5 دسمبر 2019 11:36

اماراتی پاسپورٹ دُنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ بن گیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5دسمبر 2019ء) متحدہ عرب امارات کو سیاحوں، مزدروں اور بے روزگار افراد کی جنت کہاجاتا ہے۔ اپنے آبائی وطن میں روزگار کی خاطر مارے مارے پھرنے والے جب امارات کا رُخ کرتے ہیں تو پھر یہاں سے واپس جانے کا اُن کا جی نہیں کرتا۔ چند سالوں میں اچھے پیسے کما کر لاکھوں غیر مُلکی اپنے گھر والوں کی غربت دُور کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔

اسی وجہ سے یہ دُنیا بھر میں بہت مقبول ترین مقام ہے۔ اب امارات نے ایک اور شاندار اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ اماراتی پاسپورٹ دُنیا کا سب سے طاقتور ترین پاسپورٹ بن گیا ہے۔ اماراتی پاسپورٹ کو یہ نمبر ون پوزیشن گزشتہ سال دسمبر 2018ء میں حاصل ہوئی تھی۔ جس کے بعد ایک سال کا عرصہ گزر جانے کے بعد بھی اس کی پہلی پوزیشن بدستور برقرار ہے۔

(جاری ہے)

خلیج ٹائمز کے مطابق ہینلے ورلڈ پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق اماراتی باشندے اپنے ملک کے پاسپورٹ پر دُنیا کے 179 ممالک کا سفر بغیر ویزہ لگوائے کر سکتے ہیں۔

اس لحاظ سے اُنہیں دُنیا کے 90فیصد ممالک کا سفر کرنے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں ہے۔ دسمبر 2018ء تک اماراتی پاسپورٹ پر دُنیا کے 171 ممالک کا سفر کیا جا سکتا تھا۔ تاہم 2019ء میں اس فہرست میں مزید ممالک شامل ہوچکے ہیں۔ دُوسرے نمبر پر جرمنی اور فن لینڈ ہیں جن کے پاسپورٹ پر 171 ممالک کا سفر بغیر ویزے کے کیا جا سکتا ہے۔ اس لحاظ سے دوسرے نمبر پر آنے والے ممالک کے مقابلے میں اماراتی پاسپورٹ پر 8 ممالک زیادہ شامل ہیں۔

متحدہ عرب امارات کے باشندوں کو 2019ء کے دوران جن مزید نئے ممالک میں بغیر ویزہ سفر کرنے کی اجازت مِلی ہے، اُن میں پاکستان، جنوبی افریقہ، منگولیا، وسطی افریقہ، گنی، نمیبیا، نائجیریا، رُوس، جنوبی سوڈان، سُورینام اور ازبکستان شامل ہیں۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات پاسپورٹ کی درجہ بندی کے حوالے دُنیا کا واحد عرب مُلک ہے جو نہ صرف ٹاپ ٹین میں شامل ہے، بلکہ سرفہرست بھی ہے۔ اُمید کی جا رہی ہے کہ امارات ایکسپو دُبئی 2020ء کے حوالے سے دُنیا کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے گا۔یقینا یہ اعزاز حاصل کرنا متحدہ عرب امارات کے حکمرانوں کے ویژن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں