دُبئی ایئرپورٹ پر امریکی شہری کے پاس موجود ٹافیوں اور سگریٹس سے منشیات برآمد

42 سالہ ملزم کے قبضے سے ہیروئن کے علاوہ بھنگ کا تیل اور بیج بھی برآمد ہوئے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 14 دسمبر 2019 11:30

دُبئی ایئرپورٹ پر امریکی شہری کے پاس موجود ٹافیوں اور سگریٹس سے منشیات برآمد
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14دسمبر 2019ء) دُبئی ایئر پورٹ پر ایک امریکی شخص منشیات کی برآمدگی پر گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کے پاس موجود سامان سے ہیروئن بھنگ کا تیل اور بیج بھی برآمد ہوئے۔ کسٹم حکام کے مطابق ملزم نے ممنوعہ اشیاء اپنے پاس موجود ای سگریٹس اور ٹافیوں میں چھُپا رکھی تھی۔ جب ان کی چیکنگ کی گئی تو ان میں سے بھنگ کے بیج برآمد ہوئے۔

اس کے علاوہ ملزم کے پاس سے بھنگ کا تیل بھی برآمد ہوا۔ 42 سالہ ملزم نے پکڑے جانے پر کہا کہ اس نے بھنگ کے بیج اور اس کا تیل اپنے ذاتی استعمال کے لیے رکھے تھے۔ اُس کا انہیں فروخت کرنے یا اسمگل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ وہ بھنگ کا عادی ہے۔ اُسے نہیں معلوم تھا کہ متحدہ عرب امارات میں بھنگ کا استعمال ممنوع ہے۔ کیونکہ امریکا اور دُنیا کے کئی دیگر ممالک میں بھنگ پینے اور اس کی خرید و فروخت پر کوئی قانونی پابندی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

منشیات کی برآمدگی پر امریکی شہری کو گرفتار کر لیا گیا۔ تاہم جب اُسے پوچھا گیا کہ اگر اُسے نہیں پتا تھا کہ امارات میں بھنگ ممنوع ہے تو پھر اُس نے انہیں اپنے پاس موجود ٹافیوں اور ای سگریٹس میں چھُپا کیوں رکھا تھا۔اس سوال کاوہ کوئی تسلّی بخش جواب نہ دے سکا۔ کسٹم حکام کے مطابق ملزم کے پاس سے جو 37 ای سگریٹس کے فلٹر برآمد ہوئے ان میں بھنگ کا تیل ، ہیروئن اور بھنگ کے بیج بھرے ہوئے تھے۔

اس کے علاوہ ملزم کے پاس موجود 147 ٹافیوں کے اندر بھی بھنگ کے بیج تھے جن کا وزن 818 گرام کے لگ بھگ تھا، اس کے علاوہ 19 کے قریب خواب آور گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔ جس کے بعد ملزم کو مزید تفتیش کی خاطر اینٹی نارکوٹکس کے جنرل ڈائریکٹوریٹ منتقل کر دیا گیا۔ ملزم نے استغاثہ کے رُوبرو منشیات تحویل میں رکھنے کا اعتراف کر لیا۔ اس مقدمے پر عدالت کی جانب سے 22 دسمبر 2019ء کو فیصلہ سُنایا جائے گا، جس میں ملزم کو سخت سزا ملنے کا امکان ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں