دُبئی: بھارتی شہری نے ناجائز تعلقات کے شُبہے میں بیوی کو قتل کر ڈالا

بیوی کے باس کی جانب سے موبائل میسج موصول ہونے پر شوہر فوراً امارات پہنچ گیا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 14 فروری 2020 11:59

دُبئی: بھارتی شہری نے ناجائز تعلقات کے شُبہے میں بیوی کو قتل کر ڈالا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14فروری 2020ء) دُبئی کے علاقے القوز انڈسٹریل زون میں ایک بھارتی شہری نے اپنی بیوی کوچاقو کے متعدد وار کر کے قتل کر ڈالا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق 44 سالہ بھارتی شہری نے اپنی بیوی کو ناجائز تعلقات کے شُبہ میں قتل کیا۔ یہ واردات ملزم نے بیوی کے دفتر کے باہر انجام دی اور اس کے فوراً بعد جبلِ علی کی جانب فرار ہو گیا تھا، اور وطن واپس جانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا تاہم پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں ملزم کو وطن واپسی سے قبل ہی گرفتار کر لیا گیا۔

دِن دیہاڑے مصروف ترین مقام پر یہ واردات ہونے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس جب اطلاع ملنے پر جائے وقوعہ پر پہنچی تو بھارتی خاتون کی لاش خون میں لت پت پڑی تھی۔خاتون جس کمپنی میں ملازم تھی، اُس کے عملے سے پوچھ گچھ کی گئی تو پتا چلا کہ خاتون کا شوہر آیا تھا اور اُسے بات کرنے کے لیے دفتر سے باہر لے گیا تھا۔

(جاری ہے)

دونوں کے درمیان کوئی بحث ہوئی، جب ملزم نے اپنی بیوی کو چاقو کے وار کر کے موت کے گھاٹ اُتار دیا۔

گرفتار کیے جانے کے بعد ملزم نے بتایا کہ اُس کی مقتولہ خاتون سے بھارت میں ہی شادی ہوئی تھی، جس کے بعد اُن کے ہاں دو بیٹیاں پیدا ہوئیں۔ اُس کی بیوی ایک سال قبل انٹرنیٹ پر ملازمت ملنے کے بعد ورک پرمٹ ویزے پر دُبئی آ گئی تھی اور اپنی ہم وطن خواتین کے ساتھ ہی ایک فلیٹ میں مقیم تھی۔ ملزم نے بتایا کہ وہ اپنی بچیوں کو بھارت میں سنبھال رہا تھا۔

دونوں کے درمیان کوئی مسئلہ نہیں تھا۔ تاہم ایک روز اُسے موبائل پر بیوی کی کمپنی کے ڈائریکٹر کا میسج موصول ہوا۔ ڈائریکٹر نے اُسے بتایا کہ اُس کی بیوی کسی اور کے ساتھ ناجائز تعلقات اُستوار کر بیٹھی ہے۔ یہ میسج پڑھنے کے بعد وہ شدید اشتعال میں آ گیا اور فوری طور پر وزٹ ویزے پر دُبئی روانہ ہوا۔جب وہ دُبئی پہنچا تو اس وقت بیوی اپنے دفتر میں کام میں مصروف تھی۔

وہ اسی وقت دفتر گیااور مسیج بھیجنے والے ڈائریکٹر سے ملاقات کی تو اس نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ واقعی اُس کی بیوی کسی غیر مرد کے ساتھ تعلقات قائم کر بیٹھی ہے۔ جس کے بعد وہ اپنی بیوی کو دفتر سے باہر لایا اور دونوں میں تلخ کلامی ہوئی۔ ملزم کے مطابق جب بیوی نے اُس کے سینے پر مُکا مار کر دھکا دِیا اور اُلٹا چیخ و پکار شروع کر دی تو وہ مزید مشتعل ہو گیا۔ اور اپنے پاس موجود چاقو سے اُس پر حملہ کر کے مار ڈالا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں