متحدہ عرب امارات نے تمام اندرونی و بیرونی پروازوں پر پابندی عائد کر دی

سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق تمام25 مارچ سے تمام فلائٹ آپریشنز دو ہفتوں کے لیے روک دیئے جائیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 23 مارچ 2020 11:25

متحدہ عرب امارات نے تمام اندرونی و بیرونی پروازوں پر پابندی عائد کر دی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23مارچ 2020ء) متحدہ عرب امارات کی حکومت نے کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کے بعد اہم ترین فیصلہ لے لیا ہے۔ امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نیشنل ایمرجنسی اینڈ کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ اگلے 48 گھنٹوں بعد مملکت میں تمام پروازوں پر پابندی لگا دی جائے گی۔

یہ پابندی 25مارچ 2020ء سے نافذ العمل ہو گی جس کے تحت مملکت کی اندرونی اور دیگر ممالک کو جانے والی تمام پروازیں دو ہفتوں کے لیے معطل کر دی جائیں گی۔ پروازوں پردو ہفتوں کی پابندی لگنے کے بعد تمام ایئرپورٹس کو مسافروں کے لیے بند کر دیا جائے گا۔ اس پابندی کے باعث امارات میں مقیم افراد جہازوں کے ذریے نہ تو دیگر اماراتی ریاستوں کا سفر کر سکیں گے اور نہ بیرون ملک روانہ ہو سکیں گے۔

(جاری ہے)

اسی طرح دیگر ممالک سے امارات آمد کے منتظر افراد کو بھی پروازوں پر سے پابندی ہٹنے کا انتظار کرنا ہو گا۔ جبکہ اماراتی ایئرپورٹس پر ٹرانزٹ ویزہ کے مسافر بھی اس پابندی سے متاثر ہوں گے۔ اماراتی حکام کے بعد دو ہفتوں بعد اگر ضروری سمجھا گیا تو اندرونی و بیرونی پروازوں پر عائد پابندی کی مُدت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ اماراتی سول ایوی ایشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اندرون و بیرون ملک پروازوں پر پابندی کا فیصلہ مسافروں، ایئر لائنز کے عملے اور ایئر پورٹس سٹاف کی زندگیوں کے تحفظ کی خاطر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایمریٹس ایئر لائنز کی جانب سے بھی 25 مارچ سے دُنیا بھر میں فلائٹ آپریشن معطل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ ایئر لائنز کے مطابق فلائٹ آپریشن کورونا وائرس کے پھیلنے کے خدشے کے باعث معطل کیا گیا ہے، تاہم اماراتی ایئرلائنز کی صرف کارگو جہازوں کی سروس جاری رہے گی۔ اماراتی ایئرلائنز گروپ نے اپنے ٹویٹ میں پیغام جاری کیا کہ کورونا وائرس کی وباء کی موجودہ صورتحال میں آپریشن جاری رکھنا ممکن نہیں، یہ بڑا تکلیف دہ عمل ہے، لیکن ہم ایئرلائن پر سفر کرنے والوں سے معذرت کرتے ہیں کہ ہمیں یہ اقدام اٹھانا پڑ رہا ہے۔

مزید برآ ں چیف ایگزیکٹو اماراتی ایئرلائنز گروپ نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال کے باعث ایئرلائنز کو معاشی نقصان کا بھی سامنا ہے، دنیا بھر کے ممالک کو لاک ڈاوٴن کیا جارہا ہے، اور لوگ قرنطینہ میں جار ہے ہیں، اس لیے ایئرلائنز کو بند کرنا پڑ رہا ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں