رہائشی ویزہ ہولڈرز کی امارات میں داخلے پر پابندی میں مزید دو ہفتوں کی توسیع کر دی گئی

حکام نے مملکت میں داخلے کے منتظر ویزہ ہولڈرز کو توجدی سروس میں رجسٹریشن کرانے کی ہدایت کی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 3 اپریل 2020 10:48

رہائشی ویزہ ہولڈرز کی امارات میں داخلے پر پابندی میں مزید دو ہفتوں کی توسیع کر دی گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 اپریل 2020 ء) متحدہ عرب امارات کی جانب سے رہائشی ویزوں کے حامل افراد کے مملکت میں داخلے پر عائد عارضی پابندی میں مزید دو ہفتوں کی توسیع کر دی ہے۔ اس طرح مملکت میں واپسی کے منتظر افراد کو مزید دو ہفتے انتظار کرنا ہو گا۔ اماراتی حکام کے مطابق رہائشی ویزہ ہولڈرز کے مملکت میں داخلے پر پابندی کا مقصد کورونا وائرس کی حالیہ وبا کو پھیلنے سے روکنا ہے۔

وزارت خارجہ و بین الاقوامی تعاون کی جانب سے آج ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق ویزہ ہولڈرز کے داخلے پر یہ پابندی مملکت میں مقیم افراد کی صحت اور زندگی کے تحفظ کی خاطر لگائی گئی ہے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ایسے افراد جو اماراتی ویزوں کے حامل ہیں، تاہم مملکت میں داخلے کی پابندی کے باعث دیگر ممالک میں موجود ہیں، وہ اپنی رجسٹریشن ’توجدی فار ریزیڈنٹس‘سروس میں کروا لیں۔

(جاری ہے)

جس کا حال ہی میں آغاز ہوا ہے۔ تاکہ کسی ہنگامی صورت میں ان کی امارت میں فوری واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔ واضح رہے کہ 19 مارچ کو اماراتی حکام نے ایسے تمام رہائشی ویزہ کے حامل افراد کے ویزے عارضی طور پر معطل کر دیئے تھے ، جو اُس وقت مملکت سے باہر موجود تھے۔ اماراتی حکومت کے مطابق یہ پابندی عارضی ہے۔اماراتی وزارت برائے خارجہ امور نے واضح کیا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کے حوالے سے بھرپور احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔

اگر ضروری سمجھا گیا تو امارات سے باہر موجود رہائشی ویزہ کے حامل افراد پر عائد دو ہفتوں کی پابندی میں مزید توسیع بھی کی جا سکتی ہے،جو کہ آج کے روز کر دی گئی ہے۔ وزارت کی جانب سے اس پابندی سے متاثر ہونے والے افراد کواس بارے میں رہنمائی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایسے ویزہ ہولڈر جو اس وقت اپنے آبائی وطن میں موجود ہیں انہیں اپنے وطن میں موجود اماراتی سفارت خانوں سے رابطہ کرنا چاہیے تاکہ ان کی امارات میں واپسی کی راہ ہموار ہو سکے۔

جب کہ ایسے ویزہ ہولڈر جو تجارتی مقاصد کی خاطر کسی تیسرے ملک میں موجود ہیں۔انہیں اپنی کمپنی کے مالک یا باس سے رابطہ کرنا چاہیے۔ اس کے علاوہ اس ملک میں موجود اماراتی سفارتی مشنز سے بھی رابطہ کر نا چاہیے تاکہ ان کی امارات واپسی کا کوئی مناسب بندوبست کیا جا سکے۔ جبکہ ایسے ویزہ ہولڈر جو چھْٹیاں منانے کی خاطر کسی اور ملک گئے ہیں، انہیں بھی اس ملک میں واقع اماراتی سفارت خانے سے رابطہ کر کے انہیں صورت حال سے آگاہ کرنا چاہیے تاکہ مستقبل میں ان کی امارات واپسی کا انتظام کیا جا سکے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں