متحدہ عرب امارات میں کورونا مریضوں کی گنتی 30 ہزار سے تجاوز کر گئی

گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 822 نئے کیسز سامنے آ گئے، 3 اموات، 601 افراد صحت یاب

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 26 مئی 2020 10:45

متحدہ عرب امارات میں کورونا مریضوں کی گنتی 30 ہزار سے تجاوز کر گئی
ابوظبی( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26مئی 2020ء) متحدہ عرب امارات میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید 822 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد مملکت میں کورونا کے شکار افراد کی مجموعی گنتی 30,307تک جا پہنچی ہے۔گلف نیوز کے مطابق اماراتی وزارت صحت کی جانب سے گزشتہ روز دی گئی میڈیا بریفنگ میں بتایا گیا کہ کورونا کے مزید تن افراد چل بسے ہیں، جس کے بعد اس موذی مرض کے ہاتھوں مرنے والوں کی مجموعی گنتی 248ہو گئی ہے۔

جبکہ ایک ہی روز میں 601 افراد صحت یاب ہو گئے ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق کورونا کے نئے کیسز اس وقت سامنے آئے جب 41,202 افراد کے کورونا کے شُبہے میں ٹیسٹ لیے گئے۔ مملکت میں کورونا کی وبا پھُوٹنے کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 20لاکھ سے زائد افراد کے ٹیسٹ لیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اماراتی وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ گھروں میں قرنطینہ اختیار کرنے والے افراد کو ٹیسٹ کی رپورٹ نیگیٹو آنے تک گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

گھریلو قرنطینہ کی پہلی بار خلاف ورزی پر پچاس ہزار درہم کا جرمانہ ہو گا، جبکہ دوسری بار اس خلاف ورزی پر ایک لاکھ درہم کا جرمانہ اور چھ ماہ تک قید ہو گی۔وزارت کے مطابق دو قسم کے افراد گھریلو قرنطینہ اختیار کریں گے، پہلے تو وہ لوگ جن کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے باعث وہ مصدقہ مریض بن چکے ہوں، جبکہ جو افراد کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں سے رابطے میں رہے ہوں گے، انہیں بھی خود کو اور اس بارے میں محکمہ صحت کا بھی آگاہ کرنا ہو گا۔

ان افراد کو اس وقت تک گھروں سے نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی، جب تک ان کے ٹیسٹ نیگیٹو نہیں آئیں گے۔ گھروں پر قرنطینہ اختیار کرنے والوں کو الیکٹرانک بریسلیٹ پہننی ہو گی، جو محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ حکام کو کسی شخص کی جانب سے خلاف ورزی کی صورت میں فوری پتا چل جائے۔ اس کے علاوہ کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں الحوسن ایپ بھی سمارٹ فونز پر ڈاؤن لوڈ کرنا ہو گی اور اس پر اپنی رجسٹریشن کروانا لازمی ہے۔

الیکٹرانک بریسلیٹ صرف اسی صورت میں اُتارا جائے گا جب کسی کورونا مریض کے دونوں بار لیے ٹیسٹوں کی رپورٹ منفی آئے گی۔ اگر کوئی شخص جان بوجھ کر اپنے موبائل میں قرنطینہ ٹریسنگ ایپ انسٹال نہیں کرتا یا اس پر رجسٹریشن نہیں کراتا تو دونوں صورتوں میں اس پر 10 ہزار درہم کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ جبکہ الیکٹرانک بریسلیٹ کو جان بوجھ کر توڑنے ، خراب کرنے والے کو بھی اتنا ہی جرمانہ ادا کرنا ہو گا، بریسلیٹ گم جانے کی صورت میں بھی مریض ذمہ دار ہو گا اوراسے بریسلیٹ کی قیمت بھی ادا کرنی ہو گی۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں