دُبئی ميں چلتی بس میں آگ بھڑک اُٹھی

یہ واقعہ آج صبح لطیفہ ہسپتال کے قریب پیش آیا، خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی انسانی جان کو خطرہ لاحق نہیں ہوا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 28 مئی 2020 13:50

دُبئی ميں چلتی بس میں آگ بھڑک اُٹھی
دُبئی(اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-82مئی2020ء) دُبئی میں آج ایک بس میں اچانک سے آگ بھڑک اُٹھی، تاہم اس حادثے میں کسی شخص کی جان خطرے کا شکار نہیں ہوئی۔

دُبئی سول ڈیفنس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ آج صبح نو بجے لطیفہ ہسپتال کے قریب پیش آیا۔ جس کی اطلاع ملتے ہی آگ بجھانے والا عملہ فوری طور پر موقع پر روانہ کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس وقت بس میں کوئی شخص سوار نہ تھا۔ آگ بجھانے والے عملے نے فوری طور پر آگ پر قابو پا لیا۔ تاہم بس پوری طرح جل گئی۔ بس میں آگ بھڑکنے کے واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ اسی ماہ کے دوران شارجہ میں بھی ایک چلتی منی بس میں آگ بھڑک اُٹھی تھی۔ قریب تھا کہ منی بس میں سوار اور ڈرائیور تمام کے تمام اس آگ کی لپیٹ آ کر کسی ہولناک سانحے کا شکار بن جاتے، تاہم ڈرائیور نے خطرہ محسوس کرتے ہوئے فوری طور پر تیز رفتار منی بس روک لی اور اس میں سوار 10 کی 10 سواریوں کو فوری طور پر باہر نکال لیا اور خود بھی سواریاں سمیت منی بس سے دُور جا کر کھڑا ہو گیا۔

اگر ڈرائیور اور سواریاں باہر نکلنے میں چند لمحوں کی دیر کرتے توان کی زندگیاں خطرے میں پڑ جاتیں۔ تاہم قسمت مہربان ہونے کے باعث سب کی جانیں بچ گئیں۔ گلف نیوز کے مطابق منی بس میں آتش زدگی کا یہ واقعہ شارجہ کی کنگ فیصل روڈ پر پیش آیا۔ منی بس میں ایک ٹرانسپورٹ کمپنی کے کارکنان سوار تھے۔ ڈرائیونگ کے دوران اچانک ڈرائیور کو گاڑی کے انجن میں سے دھواں نکلتا دکھائی دیا۔

اس نے خطرے کا احساس کرتے ہوئے فوری طور پر منی بس سڑک کنارے روک لی اور چند لمحوں میں ہی سواریوں کو بھی باہر نکال لیا گیا۔ ابھی سواریاں منی بس سے نکل کر چند میٹر دُور ہی گئی تھیں کہ دیکھتے ہی دیکھتے پوری منی بس کو آگ کے شعلوں نے پوری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ یوں ڈرائیور کی حاضر دماغی نے تمام افراد کی جانیں بچا لیں۔ 

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں