دُبئی ميں 20 بس مسافروں کو سیلابی ریلے ميں ڈوبنے سے بچا لیا گیا

واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی، تمام مسافروں نے بس سے فوری طور پر باہر آ کر ایک ٹیلے پر پناہ لے لی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 28 مئی 2020 16:13

دُبئی ميں 20 بس مسافروں کو سیلابی ریلے ميں ڈوبنے سے بچا لیا گیا
دُبئی(اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-82مئی2020ء) دُبئی میں ایک مسافر بس سیلابی ریلے کی زد میں آ گئی جس پربس میں سوار مسافروں کو اپنی جان بچانی مشکل ہو گئی۔

تاہم تمام مسافروں نے بروقت بس سے باہر نکلنے کا فیصلہ کیا۔ ان کے باہر نکلنے کی دیر تھی کہ یہ بس تھوڑی دیر بعد ہی آگے جا کر کئی میٹر گہرے پانی ميں مکمل ڈوب گئی۔ تمام مسافر کم گہرے پانی سے نکل کر ایک اُونچے ٹیلے پر پہنچ کر اپنی جان بچانے میں محفوظ ہو گئے۔ تاہم پانی کی سطح بڑی تیزی سے بڑھ رہی تھی، جس کے باعث خطرہ محسوس کرتے ہوئے فوری طور پر پولیس سے رابطہ کر کے معاملے کی سنگینی سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

خلیج ٹائمز کے مطابق دُبئی پولیس اسٹیشن کے ڈائریکٹر کرنل مبارک الکتبی نے بتایا کہ آپریشنز روم کو رات سوا سات بجے اس واقعے کی اطلاع دی گئی، جس کے فوراً بعد پہاڑی پر چڑھنے والی جیپوں پر ریسکیو عملہ روانہ کر دیا گیا۔ پولیس نے تمام ٹیلے پر موجود تمام افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ اس واقعے اور ریسکیو آپریشن کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل شارجہ میں سیلابی ریلوں کی زد میں آکر کئی افراد ڈوب گئے۔ پہلا واقعہ وادی الحیلو میں پیش آیا جہاں ایک کار سیلابی ریلے کی زد میں آ کر بہہ گئی جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ جن فمیں اماراتی خاتون کے علاوہ اس کے دو بچے بھی شامل ہیں۔ بیٹی کی عمر چار سال جبکہ بیٹے کی عمر دو سال تھی۔

جبکہ خاتون کا خاوند اور چھ سال بیٹے کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا۔مرنے والی بدنصیب بچی مدیائل فہد المتروشی یاسمین کنڈرگارٹن میں کنڈر گارٹن کی سٹوڈنٹ تھی، جبکہ بیٹے کا نام عمر فہد المتروشی تھا۔ اس کے علاوہ بھی مختلف واقعات میں تین کاریں بہہ گئیں، جن کے نتیجے میں دو افراد ڈوب گئے۔جبکہ دو افراد کی جان بچا لی گئی۔ شارجہ پولیس کے مطابق مجموعی طور پر آٹھ افراد کو ڈوبنے سے بچایا گیا ہے، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے، جس کی ہسپتال میں حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ڈوبنے والے افراد کو زندہ بچانے اور مرنے والوں کی لاشیں تلاش کرنے کا عمل شارجہ پولیس کے ڈپٹی کمانڈر انچیف بریگیڈیر عبداللہ مبارک بن امر کی زیر نگرانی انجام دیا گیا۔ جس میں سول ڈیفنس، ایئر ونگ ڈیپارٹمنٹ اور نیشنل ایمبولینس نے بھی حصہ لیا۔ پولیس نے خبردار کیا ہے کہ بارش کی صورت میں نشیبی علاقوں اور وادیوں کا رُخ کرنے سے گریز کیا جائے تاکہ کسی ناخوشگوار صورت حال سے بچائو ممکن ہو سکے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں