دُبئی میں عوامی مقامات پرماسک پہننے کے قواعد وضوابط میں ترامیم کر دی گئی

اکیلے کار چلا نے والے، چھ سال سے کم عمر بچے اورسانس کے مریض پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 1 جون 2020 10:20

دُبئی میں عوامی مقامات پرماسک پہننے کے قواعد وضوابط میں ترامیم کر دی گئی
دُبئی( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جون 2020ء) دُبئی کے حکام نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے عوامی مقامات پر چہرے پر ماسک پہننے کے قواعد وضوابط میں بعض تبدیلیاں کی ہیں اور چھے سال سے کم عمر بچوں اور وقوفی ، ذہنی یا حسیاتی عوارض کا شکار افراد کو اس سے مستثنیٰ قرار دے دیا ہے۔العربیہ نیوزکے مطابق جن افراد کو بند جگہوں یا کھلے میدانوں میں کسرت کے دوران میں سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے،انھیں بھی اس سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے۔

دبئی کی سپریم کمیٹی برائے کرائسس اور ڈیزاسسٹر مینجمنٹ نے اتوار کی شب ماسک پہننے سے متعلق ان نظرثانی شدہ نئے قواعد کی منظوری دی ہے۔اس نے کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں عالمی اور مقامی سطح پر ہونے والی پیش رفت کی روشنی میں پہلے سے نافذ العمل قواعد پر نظرثانی کی ہے۔

(جاری ہے)

ان کے تحت درج ذیل افراد عوامی مقامات پر ماسک پہننے سے مستثنیٰ ہوں گے۔

۔۔ چھے سال سے کم عمر بچے۔
۔۔وقوفی ، ذہنی یا حسیّاتی عوارض کا شکار افراد یا ایسے افراد جنھیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہو۔
۔۔ایسے افراد جن کا نظام تنفس بگڑ چکا ہو،جنھیں آکسیجن لینا پڑتی ہو اور جنھیں ماسک پہننے کی صورت میں سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہو، وہ بھی مستثنیٰ ہوں گے۔
عوامی مقامات میں مندرجہ ذیل صورتوں میں لوگوں کو اپنے چہروں سے ماسک اتارنے کی اجازت ہوگی:
۔

۔جب اکیلے کار چلا رہے ہیں یا کار میں ایک ہی خاندان کے افراد سوار ہوں۔
ریستورانوں کے اندر یا باہر کھانا کھاتے وقت ماسک اتارا جاسکتا ہے۔ تاہم ان جگہوں پر لوگوں کو ایک دوسرے سے طے شدہ جسمانی فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا۔
۔۔ کسی عمارت کے اندر یا باہر سخت مشقت کا کام کرنے کی صورت میں بھی ماسک اتارا جاسکتا ہے لیکن اس صورت میں دو یا زیادہ افراد کو ایک دوسرے سے مناسب جسمانی فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا۔

۔۔تنہائی میں کسی دفتر میں موجودگی کی صورت میں ماسک اتارا جاسکتا ہے لیکن اس کی شرط یہ ہے کہ دفتر یا کسی نجی محفل میں قریب کوئی دوسرا شخص نہیں ہونا چاہیے۔
۔۔ کسی معالج کے پاس دانت ، کان ، آنکھ یا گلے کے معائنے کے دوران یا علاج کے لیے ماسک اتارا جاسکتا ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں