دُبئی میں مقیم بھارتی ڈرائیور کو شرمناک حرکت پر قید کی سزا ہو گئی

ملزم نے سوئی ہوئی فلپائنی ملازمہ سے نازیبا حرکات کی تھیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 22 جون 2020 14:57

دُبئی میں مقیم بھارتی ڈرائیور کو شرمناک حرکت پر قید کی سزا ہو گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22جون 2020ء) دُبئی میں مقیم ایک بھارتی ڈرائیور کو شرمناک حرکات پر تین ماہ قید کی سزا ہو گئی ہے، ملزم کو سزا کی مُدت پُوری ہونے کے فوراً بعد ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ گلف نیوز کے مطابق ملزم نے اپنے مالک کے گھر پر مقیم فلپائنی ملازمہ سے نازیبا حرکات کی تھیں، جس پر ملازمہ نے مالک کو شکایت لگا دی تھی۔ 32 سالہ فلپائنی ملازمہ نے بتایا کہ وہ الرشیدیہ کے علاقے میں اپنے کفیل کے گھر پر کام کرتی ہے اور وہیں رہائش اختیار کر رکھی ہے۔

ایک روز شا م کو چار بجے وہ اپنے کمرے میں سو رہی تھی جب 48 سالہ ملزم اس کے کمرے میں داخل ہوا اور نیند کی حالت میں اُسے چُومنے لگا۔ جس پر وہ ایک دم پریشان ہو کر بیدار ہو گئی اور دیکھا کہ بھارتی ڈرائیور اس کے بیڈ پر بیٹھا اس کے ساتھ قابل اعتراض حرکات کر رہا تھا۔

(جاری ہے)

ملازمہ نے ملزم کو دھکا دے کر کمرے سے باہر نکال دیا اور کمرے کو لاک کر دیا۔تاہم بُری طرح خوفزدہ ہونے کے باعث وہ دوبارہ سو نہ سکی۔

تھوڑی دیر بعد ملزم دوبارہ واپس آیا اور باہر سے دروازے کو کھولنے کی کوشش کی مگر لاک ہونے کی وجہ سے اپنے شیطانی عزائم میں کامیاب نہ ہوسکا ۔ ملازمہ نے فوری طور پر اپنے مالک کو بھارتی ڈرائیور کی شرمناک حرکات سے آگاہ کر دیا۔ جس نے اسی وقت پولیس کو بُلا کر ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے پولیس کی تفتیش کے دوران اپنی نازیبا حرکات کا اعتراف کر لیا۔ عدالت کی جانب سے ملزم کو تین ماہ قید کی سزا سُنا دی گئی اور سزا کی مُدت ختم ہونے کے بعداسے فوری طور پر ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ ملزم کو عدالتی فیصلے کے خلاف پندرہ روز کے اندر اپیل کرنے کا حق دیا گیا ہے۔ 

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں