دبئی میں ہندوستانی میاں بیوی کو قتل کرنے والا پاکستانی شخص گرفتار کر لیا گیا

گرفتار قاتل نے دوران ڈکیتی نیند سے جاگ جانے پر ہندوستانی کاروباری شخص اور اس کی اہلیہ کو چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا، پولیس نے واقعے کے 24 گھنٹے کے اندر ملزم کو گرفتار کر لیا

muhammad ali محمد علی منگل 23 جون 2020 19:54

دبئی میں ہندوستانی میاں بیوی کو قتل کرنے والا پاکستانی شخص گرفتار کر لیا گیا
دبئی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 جون 2020ء) دبئی میں ہندوستانی میاں بیوی کو قتل کرنے والا پاکستانی شخص گرفتار کر لیا گیا، گرفتار قاتل نے دوران ڈکیتی نیند سے جاگ جانے پر ہندوستانی کاروباری شخص اور اس کی اہلیہ کو چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا، پولیس نے واقعے کے 24 گھنٹے کے اندر ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق دبئی پولیس نے قتل کے ایک واقعے میں ملوث پاکستانی شخص کو گرفتار کیا ہے۔

دبئی پولیس کا بتانا ہے کہ ایک پاکستانی محنت کش کچھ مرمتی کام کے سلسلے میں کچھ روز قبل ایک ہندوستانی خاندان کے گھر گیا تھا۔ اس دوران اسے گھر میں بڑی رقم نظر آئی، جس پر اس نے لالچ میں آ کر ڈکیتی کی کاروائی کرنے کا منصوبہ بنایا۔ بعد ازاں پاکستانی شخص رات کے وقت ہندوستانی خاندان کے گھر میں گھسا اور ڈکیتی کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

قاتل نے بھارتی کاروباری شخص کے بٹوے سے 2 ہزار درہم چرائے اور پھر دیگر قیمتی اشیاء کی تلاش میں میاں بیوی کے کمرے میں جا گھسا۔

اس دوران ہندوستانی کاروباری شخص اور اس کی بیوی نیند سے بیدار ہو گئے، جس پر قاتل نے ان دونوں کو چاقو کے پے درپے وار کر کے قتل کر دیا۔ اس دوران ان کی 18 سالہ بیٹی بھی نیند سے بیدار ہو گئی اور شور سن کر اپنے والدین کے کمرے میں آئی۔ قاتل نے نوجوان لڑکی پر بھی چاقو کے وار کیے اور فرار ہوگیا۔ لڑکی نے زخمی حالت میں پولیس کو فون کال کی اور جائے وقوعہ پر بلایا۔ بعد ازاں دبئی پولیس نے واقعے کے 24 گھنٹے کے اندر قاتل کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کا بتانا ہے کہ انہیں آلہ قتل جائے وقوعہ سے ایک کلومیٹر دور ملا۔ آلہ قتل اور دیگر شواہد کی مدد سے قاتل تک پہنچ کر اسے گرفتار کر لیا گیا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں