پاکستا ن سے امارات جانے والی پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئیں

اماراتی سول ایوی ایشن کے مطابق3 جولائی کو پروازیں بحال کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 29 جون 2020 11:49

پاکستا ن سے امارات جانے والی پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئیں
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29جون 2020ء) اس وقت پاکستان سے ہزاروں اقامہ ہولڈرز واپس امارات جانے کے منتظر ہیں، تاہم انہیں ایک بار پھر انتظار کی سُولی پر لٹکنا پڑے گا۔ کیونکہ پاکستان سے امارات آنے والی پروازوں پر عارضی پابندی لگا دی گئی ہے۔ اماراتی سول ایوی ایشن کے مطابق3 جولائی کو پروازیں بحال کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

اماراتی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ آج بروز سوموار سے پاکستان سے امارات آنے والی پروازوں پر عارضی پابندی لگائی جا رہی ہے۔ یہ پابندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک مسافروں کے کورونا ٹیسٹ کے لیے خصوصی لیب قائم نہیں کی جائے گی۔ سول ایوی ایشن کا مزید کہنا تھا کہ یہ عارضی پابندی پاکستان سے امارات آنے والے مسافروں کی صحت اور زندگیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی خاطر عائد کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

جب تک کورونا ٹیسٹ کے لیے خصوصی لیب نہیں قائم ہو جائے گی تب تک تمام اماراتی ایئر پورٹس پر کسی پرواز کو اُترنے کی اجازت نہیں ہو گی، یہ پابندی ٹرانزٹ مسافروں پر بھی لاگو ہو گی۔ تمام مسافروں کو اپنی فلائٹس ری شیڈول کروانے کے لیے متعلقہ ایئر لائنز سے رابطہ کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل ایمریٹس ایئرلائنز نے پاکستان سے امارات جانے والی پرواز میں سوار پاکستانیوں میں کورونا کی تشخیص کے بعد پاکستان سے امارات کے لیے پروازیں معطل کر دی تھیں۔

جس کے بعد فلائی دُبئی اور اتحاد ائیر نے بھی پاکستان سے امارات کی پروازیں معطل کر دیں۔فلائی دبئی کے مطابق ایئرلائن نے پاکستان میں بڑھتے کورونا کیسز کے باعث پاکستان سے مسافر نہ لے جانے کا فیصلہ کیا ہے اور 25 جون سے صرف دبئی سے پاکستان مسافروں کو لایا جائے گا۔دوسری جانب اتحاد ایئر نے بھی پاکستان سے جانے والی پروازیں فوری طور معطل کردی ہیں، اتحاد ایئر کے مطابق یو اے ای سے پاکستان آنے والے مسافروں والی پروازیں اور اتحاد ایرویز کی کارگو سروس مکمل جاری رہے گی۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں