امارات میں مقیم مقامی اور تارکین افراد کو مملکت سے باہر جانے کی اجازت ہے

فیڈرل اتھارٹی آف آئیڈنٹٹی اینڈ سٹیزن شپ کے مطابق 7 وجوہات کی بناء پر امارات سے باہر سفر کرنے کی اجازت دی گئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 1 جولائی 2020 17:47

امارات میں مقیم مقامی اور تارکین افراد کو مملکت سے باہر جانے کی اجازت ہے
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جولائی 2020ء) فیڈرل اتھارٹی آف آئیڈنٹٹی اینڈ سٹیزن شپ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم تارکین وطن اور مقامی افراد کو 7 مخصوص وجوہات کی بناء پر مملکت سے باہر سفر کرنے کی اجازت ہے۔ فیڈرل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس کی ویب سائٹ پر دستیاب ’ایگزٹ رجسٹریشن سروس‘ کے ذریعے امارات سے باہر سفر کرنے کا پرمٹ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

مملکت سے باہر سفر کرنے کے خواہش مندوں کو میڈیکل ٹریٹمنٹ، تعلیم، ملازمت، کاروبار، تفریحی مقاصد اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پرمٹ جاری کیا جائے گا۔ جبکہ جو اماراتی مملکت سے باہر مقیم ہیں، انہیں بھی واپس جانے کی اجازت ہے۔ بیرون ملک سفر کے لیے پرمٹ کی خاطر اپلائی کرنے کے لیے 50 درہم کی ناقابل واپسی فیس جمع کرانی ہو گی۔

(جاری ہے)

جبکہ درخواست کے ساتھ اماراتی آئی ڈی، رہائشی پرمٹ اور کارآمد پاسپورٹس کی کاپیوں کے علاوہ مملکت سے باہرجانے کی وجہ ٹھوس کاغذی ثبوت کے ساتھ منسلک کرنا لازمی ہو گی۔

ہر کیٹگری کے لیے درخواست دیتے وقت متعلقہ دستاویزات بھی جمع کرانی ہوں گی۔ اگر کوئی شخص سرکاری خرچے پر علاج کی خاطر امارات سے باہر جانا چاہتا ہے تواسے سرکاری میڈیکل کمیٹی کے اجازت نامے کی کاپی پیش کرنی ہو گی، جبکہ اپنے ذاتی خرچے پر مملکت سے باہر علاج کرانے کے خواہش مندوں کو میڈیکل کمیٹی کی سفارشات پر مبنی دستاویز پیش کرنی ہو گی۔

تعلیم کی خاطر مملکت سے باہر جانے کی صورت میں وزارت تعلیم کی جانب سے این او سی منسلک کرنا لازمی ہو گا۔ دفتری کام کی صورت میں باہر جانے کے لیے کفیل کی جانب سے خط پیش کرنا ہوگا کہ ملازم کو دفتری سلسلے، ٹریننگ یا کسی اسائنمنٹ کی خاطر بیرون مُلک روانہ کیا جا رہا ہے۔ کاروباری مقاصد کی غرض سے بیرون ملک سفر کے خواہش مند بزنس مین کو کمرشل پراپرٹی کے سمجھوتوں سے متعلق دستاویزات پیش کرنا ہوں گی جس سے ثابت ہو سکے کہ وہ پہلے بھی کاروباری سلسلے میں باہر جا چکا ہے۔

اگر کسی کا انتہائی قریبی رشتہ دار فوت ہو جائے یا شدید بیمار ہو تو اس کی بیماری یا وفات کا سرٹیفکیٹ پیش کر کے بیرون ملک سفر کیا جا سکتا ہے۔ تفریح کی غرض سے بیرون مُلک جانے کے لیے تفریحی مقامات پر اپنی بکنگ سے متعلق دستاویزات دکھانی ہوں گی۔ اگر کوئی اماراتی بیرون مُلک مقیم ہے اور امارات سے واپس جانا چاہتا ہے تو ایسی صورت میں وہ اپنا نکاح نامہ یا بیرون ملک اپنی رہائش کا ثبوت پیش کر کے پرمٹ حا صل کر سکتا ہے۔ تاہم سفر کرنے کی اجازت اسی صورت میں ہو گی۔ اگر مسافر اپنا کورونا ٹیسٹ کے منفی ہونے سے متعلق تازہ ترین رپورٹ پیش کرے گا۔ 

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں