دبئی کے واحد فیلڈ ہسپتال میں زیر علاج کورونا کا آخری مریض بھی صحتیاب ہوگیا، ہسپتال بند کر دیا گیا

جاپان سے تعلق رکھنے والے مریض کو ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے نے ہسپتال سے رخصت کیا، امارات کے دیگر کئی ہسپتال کورونا فری قرار دیے جا چکے

muhammad ali محمد علی منگل 7 جولائی 2020 22:20

دبئی کے واحد فیلڈ ہسپتال میں زیر علاج کورونا کا آخری مریض بھی صحتیاب ہوگیا، ہسپتال بند کر دیا گیا
دُبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 جولائی 2020ء) دبئی کے واحد فیلڈ ہسپتال میں زیر علاج کورونا کا آخری مریض بھی صحتیاب ہوگیا، ہسپتال بند کر دیا گیا، جاپان سے تعلق رکھنے والے مریض کو ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے نے ہسپتال سے رخصت کیا، امارات کے دیگر کئی ہسپتال کورونا فری قرار دیے جا چکے۔ خلیج ٹائمز میں شائع کردہ رپورٹ کے مطابق دبئی کا واحد فیلڈ ہسپتال بند کر دیا گیا ہے۔

ہسپتال کورونا وائرس پھیلاو کے بعد بنایا گیا تھا جہاں کورونا مریضوں کا علاج کیا جاتا تھا۔ اب اس ہسپتال میں مزید کوئی مریض زیر علاج نہیں رہا۔ ہسپتال میں زیر علاج کرونا کا آخری مریض ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
ہسپتال کے طبی عملے نے صحتیاب ہونے والے مریض کو رخصت کیا، جس کے بعد ہسپتال کو بند کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

ہسپتال دبئی ٹریڈ سینٹر میں قائم کیا گیا تھا۔ کرونا وائرس پھیلاو کے باعث مریضوں کے علاج کیلئے قائم کیا گیا یہ خصوصی فیلڈ ہسپتال 3 ہزار بستروں پر مشتمل تھا۔ یہاں یہ واضح رہے کہ دبئی فیلڈ ہسپتال کے علاوہ امارات کے دیگر کئی ہسپتال بھی کورونا فری قرار دیے جا چکے ہیں۔ اب امارات کے ایسے کئی ہسپتال ہیں جہاں کورونا وائرس کا ایک بھی مریض زیر علاج نہیں۔

دوسری جانب اماراتی وزارت صحت کی آج کی پریس بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا کے 532 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد کورونا مریضوں کی مجموعی گنتی52,600 ہو گئی ہے۔جبکہ زیر علاج افراد کی گنتی 10,560 کے لگ بھگ ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے993 مریض صحت یاب ہو گئے۔ اسی طرح اب تک مملکت میں کورونا کے41,714 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔ مملکت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کوروناسے 2افراد کی ہلاکت ہوئی ہے جس کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی کُل گنتی 326 ہو گئی ہے۔ گزشتہ دو روز کے دوران کورونا کے مزید44 ہزار ٹیسٹ لیے گئے۔ اب تک مجموعی طور پر36 لاکھ سے زائد افراد کے کورونا ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں، جن کا تعلق مختلف علاقوں اور پیشوں سے ہے۔

متعلقہ عنوان :

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں