دبئی میں تعلیمی ادارے کھولنے کیلئے تیاریاں جاری

اسکولوں کو سینیٹائز کرنے کا سلسلہ جاری، خصوصی ہدایات ہر جگہ چسپاں کر دی گئیں، تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ستمبر میں ہوگا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 11 جولائی 2020 00:06

دبئی میں تعلیمی ادارے کھولنے کیلئے تیاریاں جاری
دبئی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جولائی 2020ء) دبئی میں تعلیمی ادارے کھولنے کیلئے تیاریاں جاری، اسکولوں کو سینیٹائز کرنے کا سلسلہ جاری، خصوصی ہدایات ہر جگہ چسپاں کر دی گئیں، تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ستمبر میں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے، جس کے بعد اب معمولات زندگی آہستہ آہستہ بحال ہو رہے ہیں۔

دبئی میں معاشی، سیاحتی سرگرمیوں کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ جبکہ کئی ماہ کی بندش کے بعد مساجد بھی کھول دی گئی ہیں۔ تاہم تعلیمی اداروں کی بندش تاحال جاری ہے۔ اب بتایا گیا ہے کہ دبئی کے تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے کیلئے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ دبئی میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ستمبر کے ماہ میں ہوگا۔

(جاری ہے)

ستمبر سے تعلیمی ادارے دوبارہ سے کھولنے سے قبل مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

تمام تعلیمی اداروں میں کرونا سے بچنے کی خصوصی ہدایات ہر جگہ چسپاں کر دی گئی ہیں اور تمام لوگوں کے لیے فیس ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ تمام اسکولوں کو سینیٹائز کیا جا رہا ہے اور آنے، جانے، داخلہ اور خارجہ کے مخصوص راستے بنائے گئے ہیں۔ کلاسوں میں طلبہ کو ایک دوسرے سے چھ فٹ کے فاصلے پر بٹھایا جائے گا اور ان کی تعداد پندرہ تک ہو گی جبکہ تھرمل کیمروں سے اسکول میں موجود تمام لوگوں کا درجہ حرارت بھی جانچا جائے گا۔ یہاں یہ واضح رہے کہ دبئی میں تعلیمی اداروں کی بندش کو اب 4 ماہ کا عرصہ ہو چکا ہے۔ اس دوران بذریعہ آن لائن تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھی گئیں۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں