متحدہ عرب امارات نے ویزہ قوانین میں تبدیلی کر دی

31 دسمبر تک ویزوں اور اقاموں کی میعاد بڑھانے کا فیصلہ منسوخ کر دیا گیا، ویزوں کی مُدت میں توسیع کرانے کے لیے تین ماہ کی رعایت دے دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 11 جولائی 2020 14:51

متحدہ عرب امارات نے ویزہ قوانین میں تبدیلی کر دی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 جولائی 2020ء) متحدہ عرب امارات نے رہائشی ویزہ سے متعلق قوانین میں ترمیم کر دی ہے جس کے بعد امارات میں مقیم اور دیگر ممالک میں موجود اماراتی ویزہ ہولڈرز تارکین وطن کے ویزوں اور شہریوں کے پاسپورٹس کی مُدت میں توسیع کرانے کے لیے تین ماہ کی رعایت دے دی گئی ہے۔ اس طرح اماراتی حکومت کا پچھلا فیصلہ منسوخ کر دیا گیا ہے جس کے تحت یکم مارچ سے 1 دسمبر تک ویزوں اور اقاموں کی میعاد بغیر کسی فیس کے وصولی کے بڑھادی گئی تھی۔

اسی طرح ایکسپائرڈ شناختی کارڈز پر سال کے آخر تک دی گئی رعایت بھی ختم کر دی گئی ہے۔ فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹٹی اینڈ سٹیزن شپ (ICA) کی جانب سے کل بروز اتوار سے ویزہ سروسز کے لیے انتظامی فیس کی وصولی شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

رہائشی ویزوں سے متعلق اس فیصلے کی منظوری اماراتی کابینہ کی جانب سے دی گئی ہے۔ کابینہ کی جانب سے خلیجی ممالک کے باشندوں کوبھی ویزے کی مُدت میں توسیع کے لیے مزید ایک ماہ کی رعایت دے دی گئی ہے، جبکہ ایسے اماراتی ویزہ ہولڈرز جنہوں نے امارات سے باہر چھ ماہ سے کم عرصہ قیام کیا ہے، انہیں بھی ویزوں میں ایک ماہ کی توسیع دی گئی ہے۔

یہی رعایت اماراتی شہریوں کو بھی حاصل ہو گی۔ جبکہ وہ اماراتی ویزہ ہولڈرزجنہیں امارات سے باہر رہائش پذیر ہوئے چھ ماہ سے زائد عرصہ ہو گیا ہے یا جن کے ویزے یکم مارچ کے بعد ایکسپائر ہو گئے ہیں، انہیں بھی ویزوں میں توسیع کی رعایت دی جا رہی ہے، تاہم اس رعایتی مُدت کا فیصلہ ICA کی جانب سے کیا جائے گا۔ اس معاملے میں امارات اور اس ملک میں فضائی پروازیں شروع ہونے کی مُدت کو سامنے رکھا جائے گا، جہاں پر یہ اماراتی ویزہ ہولڈرز فی الحال مقیم ہیں۔

ویزوں کی رعایتی مُدت کے دوران کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی، تاہم یہ مُدت ختم ہو جانے کے فوری بعد فیس ادا کرنا لازمی ہو گی۔جبکہ ایسے افراد جن کی ملازمتیں یکم مارچ سے پہلی ختم ہوئی تھی، انہیں ویزوں کی توسیع کے لیے کوئی رعایتی مُدت نہیں دی گئی۔ ان افراد کو 2 سو درہم کی فیس اور روزانہ کے حساب سے 25 درہم کا جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔ کابینہ کے مطابق تمام ویزہ سنٹرز پر لوگوں کے جانے پر پابندی ہو گی اور تمام تر سروسز آن لائن طریقے سے فراہم کی جائیں گی۔اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ امارات میں معاملات زندگی معمول کی جانب لوٹ جانے اور معاشی سرگرمیوں کی پوری طرح بحالی کے بعد ویزہ پالیسی سے متعلق ترامیم ختم کر دی جائے گی۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں