متحدہ عرب امارات میں ایک بار پھر یومیہ کورونا کیسز کی گنتی کم ہو گئی

گزشتہ 24 گھنٹوں میں 246 کیسز رپورٹ ہوئے، 232 افراد صحت یاب، کوئی ہلاکت نہیں ہوئی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 12 اگست 2020 16:09

متحدہ عرب امارات میں ایک بار پھر یومیہ کورونا کیسز کی گنتی کم ہو گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12 اگست 2020ء) متحدہ عرب امارات میں ایک بار کورونا کیسزمیں نمایاں کمی آ گئی ہے۔ وزارت صحت کی آج کی پریس بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا کے246 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد کورونا مریضوں کی مجموعی گنتی63,212 ہو گئی ہے۔جبکہ زیر علاج افراد کی گنتی 5,661 کے لگ بھگ ہے۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے232 مریض صحت یاب ہو گئے۔

اسی طرح اب تک مملکت میں کورونا کے57,193 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔ مملکت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کوروناسے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ اب تک کورونا کے سبب 358افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ گزشتہ دو روز کے دوران کورونا کے مزید72,600 ہزار ٹیسٹ لیے گئے۔ اب تک مجموعی طور پر56 لاکھ سے زائد افراد کے کورونا ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں، جن کا تعلق مختلف علاقوں اور پیشوں سے ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اماراتی وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ گھروں میں قرنطینہ اختیار کرنے والے افراد کو ٹیسٹ کی رپورٹ نیگیٹو آنے تک گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والوں کوگھریلو قرنطینہ کی پہلی بار خلاف ورزی پر پچاس ہزار درہم کا جرمانہ ہو گا، جبکہ دوسری بار اس خلاف ورزی پر ایک لاکھ درہم کا جرمانہ اور چھ ماہ تک قید ہو گی۔

وزارت کے مطابق دو قسم کے افراد گھریلو قرنطینہ اختیار کریں گے، پہلے تو وہ لوگ جن کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے باعث وہ مصدقہ مریض بن چکے ہوں، جبکہ جو افراد کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں سے رابطے میں رہے ہوں گے، انہیں بھی خود کو اور اس بارے میں محکمہ صحت کا بھی آگاہ کرنا ہو گا۔ ان افراد کو اس وقت تک گھروں سے نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی، جب تک ان کے ٹیسٹ نیگیٹو نہیں آئیں گے۔

گھروں پر قرنطینہ اختیار کرنے والوں کو الیکٹرانک بریسلیٹ پہننی ہو گی، جو محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ حکام کو کسی شخص کی جانب سے خلاف ورزی کی صورت میں فوری پتا چل جائے۔ اس کے علاوہ کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں الحوسن ایپ بھی سمارٹ فونز پر ڈاوٴن لوڈ کرنا ہو گی اور اس پر اپنی رجسٹریشن کروانا لازمی ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں