اماراتی ڈرائیور نے سڑک پار کرنے والے غیر مُلکی کو کُچل ڈالا

راس الخیمہ میں پیش آنے والے واقعے میں بدنصیب نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 17 ستمبر 2020 12:14

اماراتی ڈرائیور نے سڑک پار کرنے والے غیر مُلکی کو کُچل ڈالا
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17 ستمبر2020ء) متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں ایک انتہائی افسوس ناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک ایشیائی نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا ہے۔ پولیس کے مطابق وکالت روڈ پر ایک نوجوان سڑک پار کر رہا تھا جب تیزی سے آنے والی ایک کار کی زد میں آ کر بُری طرح کُچلا گیا جس کے نتیجے میں اس کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔

کار چلانے والا 40 سالہ اماراتی تھا۔ راس الخیمہ پولیس کے ٹریفک اینڈ پٹرولز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر احمد السام النقبی نے بتایا کہ اس حادثے کی اطلاع رات سوا دس بجے ملی۔ جس کے بعد طبی امداد کا عملہ اور پولیس پٹرولنگ ٹیم موقع پر روانہ کر دی گئی تاہم جائے حادثہ پرپہنچ کر پتا چلا کہ حادثے کا شکار ہونے والا نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا۔

(جاری ہے)

جس کے بعد متوفی کی میت کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیاگیا۔ ضروری قانونی کارروائی کے بعد نعش کو اس کے آبائی ملک بھجوا دیا جائے گا۔ بریگیڈیئر النقبی نے بتایا کہ اس حادثے کی وجہ نوجوان کی اپنی غلطی تھی جس نے سڑک پار کرنے کے لیے غیر مخصوص مقام کا انتخاب کیا ، جس کے نتیجے میں وہ تیز رفتار گاڑی تلے کُچلا گیا۔ راہگیروں کو چاہیے کہ وہ صرف مخصوص مقامات اور اوور ہیڈ برج کے ذریعے ہی سڑک پار کریں۔ سڑک پار کرنے کی جلدی انتہائی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ امارات میں ہر سال سینکڑوں افراد غلط جگہ سے سڑک پار کرنے کی کوشش میں موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں یا شدید زخمی ہو کر عمر بھر کے لیے معذور ہو جاتے ہیں۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں