متحدہ عرب امارات میں بلند ترین مقام پر شاندار ریسٹورنٹ قائم

جبل جیس کی چوٹی پر قائم یہ ریسٹورنٹ سطح سمندر سے 1484میٹر بلند ہے، جہاں سینکڑوں افراد کے بیٹھنے کی سہولت موجود ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 17 ستمبر 2020 15:40

متحدہ عرب امارات میں بلند ترین مقام پر شاندار ریسٹورنٹ قائم
دُبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17 ستمبر2020ء) متحدہ عرب امارات کو سیاحوں کی جنت کہا جاتا ہے، ہر سال یہاں ایک کروڑ سے زائد سیاح سیر و تفریح کی غرض سے آتے ہیں۔ امارات کی تمام ریاستوں میں سیاحوں کے لیے ہر سال نت نئے تفریحی مقامات تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ اماراتی ریاست راس الخیمہ کی حکومت کی جانب سے شاندار خوشخبری سُنا دی گئی ہے جس کے مطابق مشہور پہاڑ جبلِ جیس کی چوٹی پر امارات کا بلند ترین ریسٹورنٹ قائم کر دیا گیا ہے جو یکم اکتوبر 2020ء کو لوگوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔

جبل جیس امارات کا سب سے اونچا پہاڑ ہے جہاں ہر سال لاکھوں افراد تفریح کی غرض سے آتے ہیں۔ سیاحوں کو بلند ترین مقام پر کھانے پینے اور تفریح کے لیے بنایا جانے والایہ ریسٹورنٹ امارت کا بلند ترین ریسٹورنٹ ہوگا۔

(جاری ہے)

چونکہ یہ ریسٹورنٹ سطح سمندر سے 1484میٹر کی بلندی پر واقع چوٹی پر قائم کیا گیا ہے اسی مناسبت سے اس کا نام 1484 ریسٹورنٹ رکھا گیا ہے۔

ریسٹورنٹ کے افتتاح کے موقع پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد یہاں اکٹھی ہونے کا امکان ہے۔ راس الخیمہ انٹرٹینمنٹ کمپنی کی سربراہ الیسن گرنل نے بتایا کہ سماجی فاصلے کی شرائط پوری کرنے کے بعد ریسٹورنٹ میں فی الحال76 افراد کے بیٹھنے کی جگہ مقرر کی گئی ہے۔اس ریسٹورنٹ میں بیٹھ کر لوگ جیس کی بلند و بالا چوٹی اور حجر کی پہاڑیوں کا منظر دیکھ سکیں گے۔جبل جیس راس الخیمہ ہی نہیں بلکہ امارات کا ایک مقبول سیاحتی مقام ہے۔ جہاں روزانہ ہزاروں مقامی اور غیر ملکی سیاح آتے ہیں۔حکومت کی جانب سے جبل جیس کے تفریحی مقام پر لوگوں کی آمد و رفت کو بہتر بنانے کے لیے ایک انتہائی شاندار سڑک تعمیر کی گئی ہے جس کے بعد جبل جیس کا سفر بہت جلدی طے ہو جاتا ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں